نئی دہلی ۔ 3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا کو آج نئے اور دوبارہ منتخب ارکان کی حلف برداری کے فوری بعد دن بھر کیلئے ملتوی کردینا پڑا ۔ مختلف پارٹیوں کانگریس ، ٹی ایم سی ، ایس پی ، بی ایس پی ، ٹی ڈی پی اور ٹامل پارٹیوں ڈی ایم کے و آل انڈیا انا ڈی ایم کے سے تعلق رکھنے والے ایم پیز کے ایوان کے وسط میں احتجاج کے درمیان 41 ارکان نے حلف لیاجو حالیہ راجیہ سبھا انتخابات میں پہلی بار منتخب ہوئے یا پھر اُن کا دوبارہ انتخاب ہوا ہے ۔ جن ارکان نے حلف لیا اُن میں مرکزی وزراء روی شنکر پرساد ، پرکاش جاوڈویکر ، جے پی نڈا اور دھرمیندر پردھان شامل ہیں۔ حالیہ انتخابات میں 15 ریاستوں سے 58 ارکان ایوانِ بالا کیلئے منتخب ہوئے جن میں سے 41 نے آج حلف لیا ہے ۔