سرحدوں کی حدبندی کو تنازعات سے پاک بنانے کی کوشش، کریم نگر میں تقسیم دستاویزات کی تیاریاں
کریم نگر۔28 اگست (سید محی الدین کی رپورٹ) تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کی عمل آوری کے کاموں میں سرعت پیدا کردی گئی ہے۔ ضلع کریم نگر میں 57 منڈلس تھے۔ اب مزید چھے نئے منڈل قائم کئے جارہے ہیں۔ اضلاع کی تقسیم میں کون سے منڈل کس ضلع میں شامل کئے جائیں گے نیز تمام اضلاع میں ریونیو ڈیویژن کے قیام اور تبدیلی کے تعلق سے بھی نئے اضلاع کے نقشہ جات حکومت کی جانب سے جاری کئے جارہے ہیں تو دوسری جانب سرسلہ کو ضلع بنانے کورٹلہ کو ریونیو ڈیویژن اور حسن آباد کو سدی پیٹھ میں شامل نہ کئے جانے مخالفت اور احتجاج بھی جاری ہے۔ نئے اضلاع کو دسہرہ تہوار سے عمل میں لائے جانے کے لئے حکومت کے اعلان کردہ فیصلے کے مطابق تمام انتظامات کی تکمیل کی جارہی ہے۔ جغرافیائی حدود، ماحول، آبادی زرعی آبپاشی اراضیات آبی وسائل قدرتی وسائل جنگلات اینٹ پتھر کوئلہ کی کانوں، ذخائر، صنعتوں کی آمدنی حدود سردوں کی حد بندی کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ تیار کی جارہی ہے اور احتیاط بھی برتی جارہی ہے کہ حکومت کے روبعمل پروگراموں اور اسکیمات اور دیگر امور سے استفادہ کرنے میں کوئی تنازعہ پیدا نہ ہو۔ اعلی عہدہ داران، کلکٹر، جوائنٹ کلکٹر ایڈیشنل کلکٹر، آر ڈی او کو عوام کے اعتراضات، شکایتیں، تجاویز پر مبنی درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔ ضلع میں ریونیو ڈیویژن کی تقسیم اور تشکیل میں کافی ردوبدل کرنا پڑے گا۔ نئے عہدہ داروں، ملازمتوں اور رات کے بارے میں کوئی بھی واضح اعلانات نہیں کئے گئے۔ ضلع کریم نگر میں نئے اضلاع جگتیال اور پیدا پلی میں تعین کیا جائے گا۔ وہ منڈل جنہیں ہمکنڈہ، سدی پیٹ، اچاریہ جئے شنکر اضلاع میں شامل کیا جارہا ہے۔ اس تعلق سے غور کیا جارہا ہے۔ مختلف محکمہ جات کے عہدہ دار اور ریونیو منڈل ڈیویژن پر برسر خدمت ملازمین بھی کریم نگر میں ہی مقیم ہیں۔ ان کی بچوں کی تعلیم کے سلسلہ میں انہیں پیدا پلی یا جگتیال تبادلہ کیا جائے تو پریشانی ہوگی کیوں کہ طبی اور تعلیمی سہولت جو یہاں ہے دوسرے مقامات پر نہیں ہوگی۔ اگر ان کا تبادلہ بھوپال پلی ضلع ہوجائے تو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ پولیس کے تبادلوں کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔ نئے اضلاع میں امن و امان کی برقراری کے لئے نئے اضلاع میں ریزرو پولیس کو بھیجنے کے تعلق سے بھی سوچا جارہا ہے۔ تین اضلاع کی پولیس کا تربیتی کیمپ کریم نگر میں ہی ہے۔ سرسلہ ضلع کے قیام کا مسئلہ حکومت کے لئے دردِ سر سے کم نہیں ۔ کے ٹی آر اور کے سی آر کی وجہ سیاسی قائدین پریشان ہیں کیوں کہ مختلف تنظیمیں احتجاجی ہنگامے ختم نہیں ہورہے ہیں۔ ایلاریڈی پیٹ منڈل میں زنجیری بھوک ہڑتال جاری ہے ایک اطلاع کے بموجب ضلع کریم نگر اعتراضات کے سلسلہ میں ویب سائٹ پر اول مقام پر ہے۔ کل 6699 یادداشتیں، 1989 اعتراضات وصول ہوئے ہیں۔