نئی دہلی میں راہول گاندھی کی ’’جن آکروش ریالی‘‘

سابق ارکان کی واپسی کا خیرمقدم ، جلسہ کیلئے تمام انتظامات مکمل : اجئے ماکن
نئی دہلی ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی رام لیلا گراونڈ پر 29 اپریل کو ’’جن آکروش ریالی‘‘ سے خطاب کریںگے۔ صدر دہلی پردیش کانگریس اجئے ماکن نے اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی کارکنوں کو شناختی کارڈ جاری کئے جارہے ہیں، جن کے درخواست فارم وصول ہوچکے ہیں۔ دیڑھ لاکھ تا دو لاکھ کانگریس کارکن توقع ہیکہ اس ریالی میں شرکت کریں گے۔ مکمل تیاریاں جن آکروش ریالی سے راہول گاندھی کے خطاب کے سلسلہ میں جاری ہیں۔ ان کا یہ خطاب پارلیمانی انتخابات سے فاتحانہ سفر کا نقیب ثابت ہوگا۔ دہلی میں 7 لوک سبھا نشستیں ہیں۔ 2014ء کے عام انتخابات میں بی جے پی نے تمام 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور دہلی میں برسراقتدار آ کر کانگریس کے طویل مدتی دور کا خاتمہ کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 14 پانی کے اسٹال قائم کئے جائیں گے تاکہ گرم موسم کی وجہ سے عوام کو پینے کے پانی کی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دہلی اور بیرونی مقامات سے آنے والے افراد کی گاڑیوں کی پارکنگ کے مناسب انتظامات کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں مختلف کمیٹیوں کے باضابطہ اجلاس ہورہے ہیں۔ دریں اثناء انہوں نے سابق این ایس یو آئی اور دہلی یوتھ کانگریس کے صدر امیت ملک کی واپسی کا خیرمقدم کیا۔ سابق دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری جئے کرن چودھری اور پروندر کانگریس میں واپس آ چکے ہیں۔ ماکن نے کہا کہ یہ ان کیلئے مسرت کا باعث ہے کہ یہ قائدین کانگریس میں واپس آگئے ہیں۔ اس سے پارٹی دہلی میں مزید طاقتور ہوگئی ہے۔

وزیراعظم مودی کا راہول گاندھی کو ٹیلیفون کال
نئی دہلی ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کل صدر کانگریس راہول گاندھی سے چین روانہ ہونے سے قبل بات چیت کی اور ان کی سلامتی کے بارے میں دریافت کیا جبکہ ان کے طیارہ میں ٹیکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ ایرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوگیا تھا۔