نئی دہلی میں دریائوں کے بہتر استعمال پر مرکزی وزیر کا اجلاس

تلنگانہ سے ہریش رائو کی نمائندگی، تلنگانہ کا فاضل پانی دیگر ریاستوں کے ا ستعمال پر اعتراض نہیں
حیدرآباد۔ 20 اگست (سیاست نیوز) مرکزی وزیر نتن گڈکری کی قیادت میں آج نیشنل واٹر ڈیولپمنٹ ایجنسی کے تحت دریائوں کے پانی کے بہتر استعمال پر اجلاس منعقد ہوا۔ تلنگانہ کی نمائندگی وزیر آبپاشی ہریش رائو نے کی۔ اس کے علاوہ آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں کے وزرائے آبپاشی بھی اجلاس میں شریک رہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی ضرورتوں کی تکمیل کے بعد باقی پانی دوسری ریاستوں کی جانب سے حاصل کیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ہریش رائو نے کہا کہ اجلاس میں دریائوں کے پانی کے استعمال پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے انہوں نے اپنا موقف واضح طور پر رکھا ہے ہریش رائو نے سیتارام پراجیکٹ کے لیے تمام منظوریوں کے سلسلہ میں مرکزی وزیر سے نمائندگی کی۔ مرکزی وزیر نے جلد کلیئرنس کا تیقن دیا۔ تلنگانہ کو الاٹ کردہ 954 ٹی ایم پی پانی کے علاوہ زائد پانی کے دیگر ریاستوں کے استعمال پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے ہائیڈرالوجی کلیئرنس کے بغیر دریائوں کے بہتر استعمال کے لیے تفصیلی پراجیکٹ رپورٹس کی تیاری کی مخالفت کی۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کو پانی کی منظوری کے بعد دریائوں کے بہتر استعمال پر غور کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تحریری طور پر مرکزی وزیر کو اپنی تجاویز پیش کی۔ ہریش رائو کے مطابق مرکزی وزیر نے واضح کیا کہ ملک میں کسی بھی پراجیکٹ کو قومی پراجیکٹ کا درجہ نہیں دیا گیا ہے تاہم حکومت 60:40 کی شرح پر گرانٹ منظور کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہریش رائو نے مہاراشٹرا کی طرح تلنگانہ کے پراجیکٹس کے لیے بھی گرانٹس منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تلنگانہ آبپاشی پراجیکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے لیے انجینئرس کی مساعی کو سراہا اور کہا کہ انجینئرس کی چوکسی کے باعث دو حادثات ٹالنے میں مدد ملی ہے۔ عادل آباد ضلع میں ساتنالا کے قریب بڑے حادثہ کو ٹالنے میں انجینئرس کامیاب رہے۔ کڈیم پراجیکٹ کے قریب ایک حادثہ کو روکنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ ایک گیٹ کے نہ کھلنے کے باعث کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو آبپاشی پراجیکٹس کی تکمیل اور کارکردگی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے تمام زیر التوا پراجیکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی ہے۔