نئی دہلی اسمبلی کا پہلا سیشن کجریوال و دیگر کا حلف

نئی دہلی ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نئی دہلی اسمبلی کا پہلا سیشن آج شروع ہوا جس میں چیف منسٹر اروند کجریوال اور دیگر ارکان اسمبلی نے حلف لیا۔ 46 سالہ کجریوال نے سب سے پہلے حلف لیا ، اُن کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیہ اور دیگر وزراء نے حلف لیا ۔ عبوری اسپیکر فتح سنگھ نے ارکان اسمبلی کو عہدہ و رازداری کا حلف دلایا۔ 70 رکنی ایوان میں عام آدمی پارٹی نے 67 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ بی جے پی کو صرف 3 نشستوں پر کامیابی ملی ۔ کانگریس انتخابات میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائی تھی ۔ یہ دو روزہ سیشن ارکان اسمبلی کے حلف اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے طلب کیا گیا تھا ۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوپایا کہ عام آدمی پارٹی حکومت قائد اپوزیشن کے عہدہ کی بی جے پی کو پیشکش کریگی یا نہیں۔ قواعد کے مطابق اصل اپوزیشن پارٹی کے کم از کم 10 ارکان ہونے ضروری ہیں تاکہ وہ قائد اپوزیشن کا عہدہ حاصل کرسکے ۔