میں ہند ۔ پاک کرکٹ تعلقات کا احیاء کرنا چاہتا ہوں : ظہیر عباس

کراچی 28 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نو منتخب صدر ظہیر عباس نے کہا کہ ایک علامتی عہدہ رکھنے کے باوجود وہ اس بات کی کوشش کرینگے کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین باہمی کرکٹ سیریز کا احیاء عمل میں آسکے ۔ وہ اس کیلئے ہر ممکن جدوجہد کرینگے ۔ ظہیر عباس نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک علامتی عہدہ رکھنے کے باوجود اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کچھ نہیں کرسکتے ۔ وہ اس کھیل سے پیار کرتے ہیں اور آئندہ ایک سال میں وہ کرکٹ دنیا کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ ظہیر عباس نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہند پاک کرکٹ میچس کے احیاء کیلئے مدد کریں کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کی ٹیموں کے مابین زیادہ میچس ہوں اور باقاعدگی سے میچس ہوتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر امیج کو بہتر بنانے کیلئے بیھ یہ میچس ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ کوئی آسان کام نہیں ہے کیونکہ ہند ۔ پاک کرکٹ پر دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات کا اثر ہوتا ہے ۔ تاہم وہ چاہتے ہیں کہ اس سلسلہ میں کچھ کریں کیونکہ اگر وقفہ وقفہ سے باہمی سیریز ہوتی ہے تو اس سے دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں اور ٹیموں کی بہتری ہوگی ۔ ظہیر عباس ہندوستان میں بھی کافی مقبول ہیں اور انہوں نے ایک بالی ووڈ اداکارہ سے شادی بھی کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہند پاک کرکٹ میچس کو بہت دلچسپی اور جوش کے ساتھ دیکھتی ہے ۔ ظہیر عباس کو ایشین براڈمین بھی کہا جاتا ہے ۔ انہں نے کہا کہ آئی سی سی کا صدر بننے کے بعد وہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ کو عالمی سطح پر مقبولیت دلانے کیلئے کچھ کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب کرکٹ عالمی سطح پر زیادہ مقبول ہوتا جا رہا ہے ۔ اس ضمن میں ٹی 20 کرکٹ نے اپنا رول ادا کیا ہے ۔ دنیا کے ہر ملک میں پاکستانی ‘ ہندوستانی ‘ بنگلہ دیشی اور سری لنکا کے تارکین وطن رہتے بستے ہیں اور ان کی وجہ سے اور ٹوئنٹی 20 فارمٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فخر محسوس کرتے ہیں کہ اس کھیل نے انہیں بہت کچھ دیا ہے اور وہ اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھتے ہیں۔