میں پاکستان کا دورہ مسلسل کرتا رہوں گا: ڈیرن سیمی

دبئی ۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پاکستانی شائقین کی حمایت کو اپنے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لیے پاکستانیوں کا پیار زندگی بھر کا خزانہ ہے اور میں پاکستان کا دورہ کرتا رہوں گا۔ پی ایس ایل کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں ڈیرن سیمی نے کہا کہ میں فخر محسوس کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ پاکستانی عوام کا میرے لیے یہ پیار صرف اور صرف پی ایس ایل کی وجہ سے آیا اور یہ میری زندگی بھر کا سرمایہ ہے۔ میں اس بات پر پرعزم ہوں اور پاکستان کا دورہ مسلسل کرتا رہوں گا۔ ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دو مرتبہ چمپیئن بنانے والے ڈیرن سیمی، پی ایس ایل میں شامل ہونے کے بعد پاکستانی مداحوں کی جانب سے سب سے زیادہ پیار سمیٹنے والے غیرملکی کھلاڑی ہیں اور یہاں تک کہ پشاور زلمی سے جڑنے کی مناسبت سے انہیں ڈیرن سیمی خان کا نام بھی دیا گیا۔ ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل 2019 کے آغاز سے قبل پشاورکا دورہ بھی کیا اور دیگر غیرملکی کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ کس طرح پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں کرکٹ کے عالمی مقابلے ہوسکتے ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان نے پشاور میں ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی تقریب میں حصہ لیا تھا اور 2014 میں دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں سے اظہار یک جہتی تھا۔ خیال رہے کہ ڈیرن سیمی پی ایس ایل کے علاوہ کریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل)، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی کی دیگر بڑی لیگز کا حصہ رہے ہیں۔