میں نے گیل کو لے کر آئی پی ایل کو بچا لیا: سہواگ

نئی دہلی ۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کے جارحانہ بیٹسمین اور کنگز الیون پنجاب کے مینٹور وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ انھوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بچا لیا ہے۔انھوں نے یہ بات ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل کی جانب سے آئی پی ایل کے رواں سینزن میں پہلی سنچری بنانے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہی۔سہواگ نے اپنے انداز میں لکھا: ‘میں نے ہنری گیل کو منتخب کر کے آئی پی ایل کو بچا لیا۔’اس کے جواب میں فورا ہی گیل نے ‘ہاں’ کہا جس کے بعد ان دونوں کے ٹویٹس کو ہزاروں بار لائیک اور ری ٹویٹ کیا گیا۔آئی پی ایل کے رواں سیزن کے لیے تمام ٹیموں میں سے کسی نے بھی کرس گیل کو نہیں خریدا جبکہ کنگز الیون پنجاب نے بالکل آخر میں ان کی خدمات حاصل کیں۔گیل نے اپنے پہلے ہی میچ میں چینئی سپر کنگز کے خلاف نصف سنچری بنائی تو دوسرے میچ میں حیدرآباد کے خلاف سنچری بنائی جو آئی پی ایل کے رواں سیزن کی پہلی سنچری تھی۔