ناٹنگھم ۔12جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹیں حاصل کرنے والے ہندوستان کے فاسٹ بولر ایشانت شرما نے کہا ہے کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے اپناردھم واپس حاصل کرلیا ہے ۔ مقابلے کے اختتام پر منعقدہ پریس کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے ایشانت شرما نے کہا کہ پہلے ٹسٹ سے قبل کھیلے گئے دو ٹور مقابلوں میں ‘ میں نے بہتر بولنگ کیلئے جدوجہد کی ہے کیونکہ جب ایک عرصہ تک کرکٹ نہیں کھیلی جاتی ہے تو ایسا ہوتا ہے کیونکہ میں نے بھی آئی پی ایل سے قبل بہت زیادہ کرکٹ نہیںکھیلی ہیں ۔ ایشانت نے مزید کہا کہ انہوں نے نیٹ میں بہت زیادہ بولنگ تو کی ہے لیکن میدان پر پہنچ کر بولنگ کرنا مختلف ہوتا ہے ۔
انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں تین وکٹیں حاصل کرنے والے ایشانت شرما نے مزید کہا کہ ان وکٹوں کے حصول کے بعد وہ خود کو بہتر محسوس کررہے ہیں کیونکہ نہ صرف انہوں نے بہتر بولنگ کی بلکہ اپنا ردھم بھی حاصل کیا ہے ۔ شرما نے انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو پویلین کی راہ دکھائی لیکن بھونیشور کمار نے چار وکٹیں حاصل کیں جس پر ایشانت نے اپنے ساتھی کھلاڑی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار بولر ہونے کے علاوہ وکٹ کا بہتر استعمال کیا ہے ۔