نئی دہلی ۔ /14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے جنہیں سابق سی اے جی ونود رائے کی شدید تنقیدوںکا سامنا ہے ، آج کہا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے ۔ انہوں نے 2G اسپیکٹرم اسکام اور کولگیٹ کے سلسلے میں ونود رائے کے عائد کردہ الزامات پر جواب دینے سے انکار کردیا ۔ منموہن سنگھ کی دختر دمن سنگھ کی جانب سے تحریر کردہ کتاب کی اشاعت کی خوشی میں ایک پروگرام منعقد ہوا تھا ۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ یقیناً انہوں نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے ۔ وہ نہیں چاہتے کہ دوسرے لوگ ان کے بارے میں اگر کچھ لکھتے ہیں تو اس پر تبصرہ کیا جائے ۔دمن سنگھ نے بھی سابق سی اے جی کے تبصرہ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
کانگریس ایم پی رہائش گاہ کے باہر تصادم‘18گرفتار
امیٹھی۔14ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام)کانگریس ایم پی سنجے سنگھ کے فرزند اننت وکرم سنگھ کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں ایک کانسٹبل ہلاک ہونے اور 6افراد کے زخمی ہونے کے بعد پولیس نے کم از کم 18افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کانگریس ایم پی کے مکان کے باہر تصادم میں پولیس کانسٹبل ہلاک ہوا تھا ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ہیرا لال نے بتایا کہ اس علاقہ میں امتناعی احکام نافذ کردیئے گئے ہیں۔ اس پورے واقعہ کی ویڈیو گرافی کرلی گئی ہے ۔