میں مہاراشٹرا کا وزیر اعلی بننا نہیں چاہتا:ادھوٹھاکرے

ممبئی 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) شیو سینا صدر ادھو ٹھاکرے جنہوں نے صرف دو ہفتہ قبل یہ خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ مہاراشٹرا کے وزیر اعلی بننا چاہتے ہیں لیکن آج انہوں نے ایک بالکل مختلف بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی اُن کی تمنا کبھی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کی رہائش گاہ پر ورکری سماج سے تعلق رکھنے والے لوگ آئے تھے جہاں انہوں نے مجھے اپنا آشیرواد دیا اور اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کی بھر پور تائید کا بھی تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے ان پر محبت کے جو پھول نچھاور کئے جاتے ہیں، وہی ان کیلئے کافی ہیں۔ وہ لارڈ وٹھل کے عقیدتمندوں یعنی ورکری طبقہ کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے جنہوں نے آئندہ انتخابات میں شیو سینا کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہر کوئی وزیر اعلی بننے کا خواب دیکھتا ہے اور جدوجہد کرتا ہے لیکن میری قسمت دیکھئے کہ میں وزیر اعلی بننا نہیں چاہتا لیکن عوام مجھے وزیر اعلی کے جلیل القدر عہدہ پر فائز دیکھنا چاہتے ہیں۔ عوام کو دلوں میں ایسی محبت اور احترام حاصل کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے ۔ حالانکہ شیو سینا و زارت اعلی کے امیدوار کے طور پر ادھو ٹھاکرے کو پیش کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے لیکن ان کی حلیف جماعت بی جے پی سے اب تک اس معاملہ میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی ہے بلکہ یوں ظاہر کیا جارہا ہے کہ انتخابات کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ وزیر اعلی کے عہدہ کیلئے کونسا لیڈر مناسب رہے گا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر کرنا دلچسپ ہوگا کہ 13 ستمبر کو ایک ٹی وی نیوز چیانل کی جانب سے ترتیب دیئے گئے پروگرام کے دوران اپنے خطاب میں ادھو ٹھاکرے کے مہاراشٹرا کا وزیر اعلی بننے کی خواہش ظاہر کی تھی اور وہ شاید یہ پہلا موقع تھا جب کسی عوام پلیٹ فارم سے انہوں نے اپنے دلی آرزو کا اظہار کیاتھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ عوام اگر انہیں ایک موقع دیں گے تو وہ عوام کو کسی شکایت کا موقع نہیں دیں گے۔