میں مصر میں دوبارہ شوٹنگ کا خواہشمند ہوں : امیتابھ بچن

قاہرہ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) میگا اسٹار امیتابھ بچن جو 24 سال کے وقفہ سے مصر واپس آئے ہیں، کہا کہ وہ مصر کی محبت سے چاروں خانے چت ہوگئے ہیں۔ مصریوں نے ان پر اتنی خلوص و محبت برسائی ہیکہ وہ اہرام کی سرزمین مصر میں دوبارہ شوٹنگ کرنا پسند کریں گے۔ امیتابھ بچن نے 1975ء میں پہلی بار مصر کا دورہ کیا تھا۔ وہ فی الحال یہاں 3 روزہ دورہ پر آئے ہوئے ہیں تاکہ ہندوستان کے تہذیبی میلہ ’’انڈیا بائی دی نائیل‘‘ (ہندوستان دریائے نیل کے کنارے) کی افتتاحی تقریب کیلئے مصر آئے ہوئے ہیں۔ یہ مصر میں ہندوستان کا تیسرا ثقافتی میلہ ہے۔ امیتابھ بچن نے پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ 1975ء میں ایک فلم کی شوٹنگ کیلئے مصر آئے تھے۔ ان کا آخری دورہ 1991ء میں ہوا تھا تاکہ قاہرہ بین الاقوامی فلمی میلہ میں شرکت کرسکیں اور انہوں نے محسوس کیا کہ مصری ان سے محبت کرتے اور بے انتہاء خلوص رکھتے ہیں۔ 72 سالہ اداکار نے جو اس ملک میں 80 اور 90 ء کی دہائی کے انتہائی مقبول ہیرو رہ چکے ہیں، کہا کہ انہیں اپنے مداحوں کی کثیر تعداد اس ملک کے دورہ پر کھینچ لا تی ہے ۔ علاوہ ازیں اس ملک میں فلموں میں شوٹنگ کیلئے انتہائی سازگار ماحول پایا جاتا ہے۔ مصر میں فلم کی شوٹنگ کیلئے کئی سہولتیں ہیں، ماحول بہت اچھا ہے، لوگ دوستانہ جذبہ رکھتے ہیں۔ جب بھی وہ فلم کی شوٹنگ کیلئے مصر آتے ہیں انہیں سرکاری تعاون حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے سابقہ دوروں اور ہندوستان جیسے قدیم تمدن کی خوشگوار یادیں ہمیشہ ان کے ذہن پر چھائی رہتی ہیں۔