میں صدارتی دوڑ میں شامل نہیں ہوں : موہن بھاگوت

ناگپور ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے آج ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ وہ صدارتی انتخابات کی دور میں ہیں۔ انہوں نے اس قسم کی اطلاعات کو محض ’’تفریحی خبریں‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے ادعا کیا کہ صدرجمہوریہ کے عہدہ کیلئے ان کا نام تجویز نہیں کیا جائے گا اور حتیٰ کہ اگر ان کا نام تجویز نہیں بھی کیا گیا تو وہ اس کو قبول نہیں کریں گے۔ بھاگوت نے راجواڑہ پیالیس میں منعقدہ ایک تہنیتی تقریب میں کہاکہ ’’یہ خبر کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں مجھے نامزد کیا جارہا ہے، درست نہیں ہے۔ یہ اطلاعات جو میڈیا پھیلا رہا ہے محض تفریحی خبر ہے‘‘۔ بھاگوت نے ان کے صدارتی عزائم سے متعلق افواہوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سنگھ پریوار کے ایک رکن کی حیثیت سے وہ خود کو اپنی تنظیم اور سماج کیلئے وقف کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’جب ہم سنگھ میں شامل ہوئے تھے اس وقت ایسے تمام امکانات کے دروازے بند کرچکے تھے۔ ہم صرف سنگھ اور سماج کیلئے کام کرتے ہیں۔ صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے میرا نام پیش نہیں کیا جائے گا اور حتیٰ کہ تجویز کیا گیا تو بھی میں اس کو قبول نہیں کروں گا‘‘۔ دو دن قبل شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے صدارتی عہدہ کیلئے موہن بھاگوت کے نام کی تجویز پیش کی تھی۔ تاہم کانگریس نے اس تجویز کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ اپنا امیدوار نامزد کرے گی کیونکہ وہ زعفرانی نظریہ کی مخالفت کرتی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی این ڈی اے صدارتی امیدوار کی تائید کیلئے حکمراں اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ کو ڈنر پر مدعو کیا ہے۔ صدر پرنب مکرجی کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہوگی۔