کراچی ، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ کے ہیڈکوچ وقار یونس نے نقادوں اور سابق کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جنھوں نے اُنھیں ’’خودسر ‘‘ اور ’’انتقامی جذبے کا حامل شخص ‘‘ قرار دیا ہے ، اور کہاکہ وہ بالکلیہ محبِ پاکستانی ہیں۔ جیو سوپر اسپورٹس چینل کو کل شب خصوصی انٹرویو میں وقار نے کئی سوالات کے جواب دیئے ، جو اُن کی شخصیت کے بارے میں مختلف گوشوں سے اُٹھنے والے اعتراضات سے متعلق رہے ۔ اُن پر الزام ہے کہ انھوں نے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ملکر بعض ارکان ٹیم کو نشانہ بنایا ہے ۔ وقار نے کہا ’’دیکھئے ، جس لمحہ میں نے مسابقتی کرکٹ چھوڑ دی میں پھر سے منکسرالمزاج بن گیااور آسٹریلیا میں رہتے ہوئے یہ عمل مزید تیز ہوگیا۔ میں جانتا ہوں میں اب کھلاڑی وقار نہیں رہا اور میں سرکش یا خودسر بالکل نہیں ہوں، درحقیقت میں جونیر اور سینئر تمام کھلاڑیوں کے ساتھ نہایت دوستانہ انداز اختیار کرتا ہوں ۔ لیکن ہاں میں ٹریننگ اور کرکٹ کے معاملے میں کچھ مفاہمت نہیں کرتا کیونکہ اگر آپ ان معاملوں میں مصالحت کرنے لگیں تو پھر پاکستان کرکٹ کو مزید آگے ہرگز نہیں لے جایاجاسکتا ‘‘۔