میرپور۔25فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) تیزی کے ساتھ مقبولیت حاصل کررہے ہندوستان کے آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا نے خود کو ایک مخصوص اور ماہر بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پنچ ہٹر نہیں ہیں۔ پانڈیا کی کئی گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے جس میں مہیندر سنگھ دھونی بھی شامل ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ پانڈیا کی تیز رفتار بیٹنگ کی صلاحیت ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں ہندوستان کیلئے فائدہ مند ہوگی ۔ پانڈیا نے کہا کہ انہوں نے جس طرح سے کرکٹ کھیلی ہے اسی انداز سے بین الاقوامی سطح پر بھی ہندوستان کی نمائندگی کررہے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ پنچ ہٹر کی بجائے وہ ایک مخصوص بیٹسمین ہیں ۔ پانڈیا جنہوں نے ایشیاء کپ کے افتتاحی مقابلہ میں بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کیلئے اوپر بھیجائے جانے کے بعد تیز رفتار 18گیندوں میں 31رنز اسکور کئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بڑے چھکے مارنا ان کی عادت ہے ۔
نہرا نے ثابت کردیاکہ عمر صرف اعداد و شمار : گواسکر
نئی دہلی ۔25فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے سینئر بولر اشیش نہرا کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے شاندار مظاہروں کے ذریعہ یہ ثابت کردیا ہے کہ عمر صرف اعداد وشمار ہیں۔2011ء ورلڈ کپ کے بعد نشیب وفراز سے گذرنے والے نہرا نے پانچ سال بعد واپسی کرتے ہوئے گذشتہ چند ماہ کے دوران متاثرکن مظاہرے کئے ہیں ‘ جن میں گذشتہ رات بنگلہ دیش کے خلاف تین وکٹوں کا حصول بھی ہے ۔ نہرا نے اپنی بولنگ کے دوران مختلف قسم کی گیندوں کا شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔