میں اچھا کھیلوں تو نیوز، اچھا نہ کھیلوں تو بڑی نیوز : نہرا

سینئر بولر اشیش نہرا پھر ایک بار انٹرنیشنل میچز میں واپسی کے لئے تیار ہوگئے ہیں اور وہ اپنے نقادوں کی شائد ہی پرواہ کرتے ہیں کیوں کہ بڑھتی عمر کے باوجود اُنھوں نے انٹرنیشنل لیول پر جب جب موقع ملا لگ بھگ اچھا مظاہرہ ہی پیش کیا ہے۔ نہرا کو 3 میچ کی ٹی 20 سیریز کے لئے ٹیم میں واپس طلب کیا گیا ہے۔ وہ صرف یہی فارمٹ کھیل رہے ہیں اور آخری مرتبہ رواں سال کے اوائل انگلینڈ کے خلاف کھیلے تھے۔ وہ وطن میں انگلینڈ میچ کے بعد آئی پی ایل کے د وران انجری کا شکار ہوئے تھے۔ ٹوئٹر پر اُن کے تعلق سے ملے جلے ریمارکس ہوتے رہتے ہیں جس کا 38 سالہ نہرا نے پُرمزاح انداز میں جواب د یتے ہوئے کہا : ’’میری عمر میں طویل مدتی مقاصد طے نہیں کئے جاسکتے۔ مجھے انڈیا کے لئے 3 میچز کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ میں ایک، ایک میچ کے بارے میں ہی سوچنا چاہوں گا۔ ویسے بھی اشیش نہرا اچھا کرے گا تو بھی نیوز ہے، اچھا نہیں کرے گا تو وہ اور بھی بڑی نیوز ہے‘‘۔