میک کولم کی شاندار سنچری کے باوجود ہندوستان کا موقف مستحکم

ویلنگٹن ۔16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم کی شاندار ناٹ آؤٹ سنچری کے باوجود دوسرے اور آخری ٹسٹ کے تیسرے دن دبدبہ برقرار رکھا ہے ۔ میک کولم نے اپنی ٹیم کو ابتدائی مشکلات سے نکالا اور ویلنگٹن ٹسٹ میں برینڈن میک کولم اور واٹلنگ نے نیوزی لینڈ کو جاریہ اننگز کی شکست سے بچالیا، تاہم کیوی ٹیم کو ابھی بھی رنز کے پہاڑ کھڑے کرنے ہوں گے۔ دوسرے دن کیوی ٹیم نے دوسری اننگز آگے بڑھائی تو انہیں ہندوستان کی برتری حاصل کرنے کیلئے مزید 222 رنز بنانے تھے، مگر 97 رنز پر نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے اور اس طرح میزبان ٹیم پر اننگز کی شکست کے خطرات منڈلانے لگے، تاہم میک کولم اور بریڈلے واٹلنگ نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 5 وکٹس پر 252 رنز پر پہنچا دیا اور اس طرح میک کولم (114) اور واٹلنگ (52) پر ناٹ آؤٹ رہے۔ میک کولم اور واٹلنگ نے چھٹی وکٹ کے لئے ناٹ آؤٹ 158 رنز کی شراکت نبھائی اور نیوزی لینڈ کو تیسرے دن اسٹمپ تک 99 اوورس میں 5 وکٹ پر 252 رنز بنانے میں مدد کی۔ میزبان ٹیم نے صرف 94 رنز کے اندر اپنے 5 وکٹ کھودیئے تھے ۔ ہندوستان نے میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 192 رنز پر سمیٹنے کے بعد 438 رنز بنائے تھے لیکن نیوزی لینڈ کے لئے شروعات اچھی نہیں رہی ۔

ظہیر خان ( 60 رنز دے کر 3 وکٹس) نے پہلے اننگز میں 2 وکٹ لے کر شروعاتی جھٹکے دیئے جس سے لنچ تک ان کا اسکور 4 وکٹ پر 87 رنز تھا ۔لنچ کے بعد کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں ہوا جس میں نیوزی لینڈ نے اینڈرسن ( 2 ) کا وکٹ آسانی سے کھو دیا۔ اس کے بعد میک کولم اور واٹلنگ نے مل کر ٹیم کو بحران سے باہر نکالا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ ہندستان کو دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لئے اُترنا پڑے لیکن دو دن کا کھیل ابھی باقی ہے اور نیوزی لینڈ نے ہندوستان پر صرف 6رنز کی برتری حاصل کی ہے۔ ان کے 5 وکٹس باقی ہیں ۔ مہمان ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لئے موقع کا پورا فائدہ اٹھانا ہوگا ، نیوزی لینڈ نے آکلینڈ میں پہلا ٹسٹ 40 رنز سے جیتا تھا۔ ہندوستان کے لئے ظہیر نے 3 وکٹس لئے ، ایشانت شرما ( 63 رنز دے کر کوئی وکٹ نہیں ) اور محمد سمیع ( 72 رنز دے کر ایک وکٹ ) نے بولنگ کی لیکن رویندر جڈیجہ ( 49 رنز دے کر ایک وکٹ ) نے چاروں ہندوستانی بولرس میں سب سے زیادہ 26 اوور س پھینکے ۔ پہلی اننگز ہندوستانیوں کے نام رہی، اگلے دو اننگز خاص طور چائے کے بعد کی اننگز نیوزی لینڈ کے لئے فائدہ مند رہی جس میں میک کولم اور واٹلنگ نے احتیاط سے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو مایوس کیا۔ میک کولم نے ٹسٹ میں اپنی سنچری میں 14 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ واٹلنگ نے اپنے ساتویں نصف سنچری میں محض چار بار گیند باؤنڈری کے پار کرائی ۔چائے کے بعد 5 وکٹس پر 146 رنز سے آگے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ ٹیم شروع میں ملے جھٹکوں پر قابو پانے میں کامیاب رہی ۔ میک کولم اور واٹلنگ نے سست رنز جٹائے اور لنچ کے بعد کے سیشن میں 29.5 اوورس میں صرف 59 رنز بنے ۔ ہندوستانی بولروں نے اچھی لائن اور لینتھ سے بولنگ جاری رکھی ، اس کے باوجود یہ دونوں بیٹسمین احتیاط سے کھیلتے رہے اور وقفے وقفے سے شاٹ لگاتے رہے ۔

آخری سیشن کے 68 ویں اوور میں میک کولم نے 146 گیندوں میں 5 چوکے سے نصف سنچری مکمل کی۔ اسی دوران وہ نیوزی لینڈ کے لئے ٹسٹ کرکٹ میں 5000 رنز پورے کرنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے ۔ہندوستان کو چھٹی وکٹ کے درمیان بن رہی یہ شراکت توڑنے کی ضرورت تھی اور اس نے اننگز کے 80 ویں اوور میں لی گئی دوسری نئی گیند سے کوشش کی ، لیکن میک کولم اور واٹلنگ نے 254 گیندوں میں 100 رنز کی شراکت مکمل کر لی۔ ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کو نئی گیند سے مدد ملنے کی امید تھی ، لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ میک کولم نے ایشانت کی گیند پر لانگ آن پر چھکا لگاکر 197 گیندوں میں شاندار طریقے سے اپنی سنچری مکمل کی ۔ دوسرے سرے پر ان کا تعاون کر رہے واٹلنگ نے بھی 93 ویں اوور میں 190 گیندوں میں نصف سنچری بنائی ۔ میک کولم اور واٹلنگ نے اس درمیان 150 رنز کی شراکت مکمل کر کرلی۔