میک اپ خواتین کی زندگی کا ایک لازمی جزو !

میک اپ ایک ایسی چیز ہے جو خواتین کی زندگی کا ایک لازمی جزو بن چکا ہے جس کے بغیر خواتین خود کو پراعتماد اور مضبوط نہیں پاتیں۔ میک اپ کے ذریعہ خواتین اپنی بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ بڑھنے والے داغ دھبے جھریاں ، چھائیاں اور غیر موزوں نشانات چھپانا چاہتی ہیں اور میک اپ کے باعث وہ خود کو پرکشش محسوس کرتی ہیں ۔ میک اپ نہ صرف شادی بیاہ کی تقریب یا تہواروں بلکہ ملازمت کرنے والی خواتین کیلئے روز مرہ معمولات میں شمولیت اختیار کرنے والی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ خواتین کی جلد کیلئے ضروری ہے کہ وہ کلینزر کے استعمال کو معمولات میں شامل کرلیں۔ دن کے آغاز پر میک اپ کے استعمال سے پہلے چہرے کو کلینزر کی مدد سے مساج کریں ۔ گرم پانی میں روئی بھگوکر چہرے کو اس سے اچھی طرح صاف کرلیں۔ جلد پر موجود چکنائی اور گرد و غبار صاف ہونے کے بعد جیسے ہی کلینزنگ مکمل ہو روئی کی مدد سے جلد پر ٹونر کا استعمال کریں۔ ٹونر نہ صرف آپ کی جلد کو شفاف و ملائم بنانے میں مددگار ہے بلکہ جلد کو لمبے عرصہ تک جراثیم کے اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔