لندن۔4جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے کپتان برانڈن میکلم کی جارحانہ بیٹنگ نے انگلش ٹی ۔20 بلاسٹ مقابلوں میں ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے ۔ میکلم اپنی کاؤنٹی واروک شائر کیلئے کھیلتے ہوئے صرف 64 گیندوں میں 158 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ 33سالہ میکلم نے ڈربی شائر کی طوفانی بولنگ کا کامیاب سامنا کرتے ہوئے صرف 42 گیندوں میں سنچری مکمل کی ۔ ان کا فائنل اسکور اب کولکتہ نائٹ رائیڈرس کیلئے 2008ء کے آئی پی ایل میچ میں بنائے اسکور کے برابر ہوگیا ہے ۔ میکلم نے 2008 کے آئی پی ایل میچ میں 73گیندوں میں اس کے مساوری بھاری اسکور بنایا تھا ۔ میکلم کی تازہ ترین اننگز میں 11چھکے اور 11چوکے شامل ہیں۔ یہ ٹی ۔20 تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے ۔ سب سے بڑا اسکور 175رن ہے جو ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 2013ء کے دوران انڈین پریمیئر لیگ میچ کھیلتے ہوئے بنایا تھا ۔