میکس ویل کے خلاف ونڈے سیریزمیں منصوبہ بندی ناگزیر

بنگلور۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر لوکش راہول نے دوسرے ٹی20 میں سنچری بنانے والے مہمان جارحانہ بیٹسمین گلین میکس ویل کی شاندار سنچری کا تعریف کرتے ہوئے اسے ایک یادگار اننگز قراردیا اورکہا کہ حیدرآباد میں پہلے مقابلے سے شروع ہونے والی ونڈے سیریزمیں انہیں قابو کرنے کیلئے ہمیں حکمت عملی تیار کرنے ہوگی۔راہول جنہوں نے دوسرے ٹی 20 میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو ایک بہتر شروعات فراہم کرتے اس کے ہمالیائی اسکور کی راہ ہموار کی تھی انہوں نے میکس ویل کی اننگز کو ایک شاندار اننگز قراردیتے ہوئے کہا کہ حریف جارحانہ بیٹسمین نے تنہا مقابلے کا رخ اپنی ٹیم کے حق میں کردیا ہے لہذا ونڈے سیریز میں انہیں قابو میں کرنے کیلئے میزبان ٹیم کو منصوبہ تیار کرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ رات آسٹریلیا نے گلین میکس ویل کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان کو ٹوئنٹی20 سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش کردیا۔ بنگلور میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایرون فنچ کا یہ فیصلہ ان کے لیے بہتر ثابت نہ ہوسکا اور ہندوستانی بیٹسمینوں نے بیٹنگ وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمالیائی اسکور کھڑا کیا۔ ہندوستانی اوپنر شکھر دھوان نے 14 رنز بنانے کے لئے 24 گیندوں کا سہارا ضرور لیا لیکن انہوں نے لوکیش راہول کے ساتھ مل کر ٹیم کو 61 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ لوکیش راہول نے 26 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر اپنے کپتان ویرات کوہلی کو سکون مہیا کیا جنہوں نے 72 اور ان کے ہمراہ سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے 40 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو 190 تک پہنچایا اور امید کی جارہی تھی کہ یہ اسکور ہندوستان کو مقابلے میں کامیابی اور سیریز بچانے کے لئے کافی ہوگا لیکن میکس ویل کی سنچری نے 11 سال بعد ہندوستان کو باہمی سیریز میں شکست برداشت کرنے پر مجبور کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے بہرینڈروف، کوٹرنائل، پیٹ کمنز اور ڈی آرسی شارٹ نے فی کس ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔ جوابی اننگز میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور13 کے مجموعی اسکور پر مارکس اسٹوئنس، جبکہ 22 کے مجموعے پر 8 رنز بنانے والے ایرون فنچ پویلین لوٹ چکے تھے۔ ایسے میں گلین میکس ویل نے اکیلے ہی ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا اور اپنے ہمالیائی اسٹروکس سے ہندوستانی بولروں کی پٹائی کی۔ انہوں نے پہلے 40 رنز بنانے والے ڈی آسی شارٹ کے ساتھ 73 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جبکہ اس کے بعد انہوں نے صرف 20 رنز بنانے والے پیٹر ہینڈسکومب کے ساتھ 99 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کی جانب سے دیے گئے 191 رنز کے ہدف کو3 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں 2 گیندیں قبل ہی پورا کرلیا۔ گلین میکس ویل کو میچ میں 9 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ جبکہ سیریز میں 169 رنز اسکور پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ یاد رہے کہ وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہندوستان کو آخری گیند پر 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔