میکسیکو کے خلاف سنسنی خیز مقابلہ میں ہالینڈ کامیاب

براسیلیا۔ 30؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ ورلڈ کپ 2014ء کے ناک آؤٹ مرحلے میں ہالینڈ نے میکسیکو کو 2-1 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ہالینڈ کی ٹیم میچ کے اختتام سے پانچ منٹ پہلے تک خسارے میں تھی، لیکن میچ کے آخری لمحات میں 2 گول کرکے فتح حاصل کرلی۔ میچ کا فیصلہ ایک انتہائی متنازعہ پنالٹی کِک پر ہوا جس پر ہالینڈ نے گول کرکے میچ جیت لیا۔ فٹبال کے ماہرین کی رائے میں ہالینڈ کے تجربہ کار کھلاڑی آئین رابن کو پنالٹی حدود میں گرایا نہیں گیا تھا بلکہ انھوں نے ڈائیو کرکے پنالٹی حاصل کی جس پر میچ کا فیصلہ ہوا۔ اٹلی کے سابق فٹبالر فیبیو کیناوارا نے پنالٹی کے فیصلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین روبن کی دی گئی پنالٹی کسی طرح بھی ٹھیک نہیں تھی اور میچ ریفری سے غلطی ہوئی ہے۔ انگلینڈ کے سابق کھلاڑی گلین ہاڈل نے پنالٹی کے فیصلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین روبن کو پنالٹی کی اپیل کرنے پر زرد کارڈ دکھایا جانا چاہئے تھا۔ پہلے ہاف میں میکسیکو نے عمدہ کھیل پیش کیا، لیکن پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیمیں برابری پر تھیں۔ ماہرین کے مطابق دونوں ٹیموں کو ایک ایک پنالٹی کِک مل سکتی تھی لیکن ریفری نے ایسا نہیں کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف کی شروعات میں ہی میکسیکو کے جیوانی سینٹوس نے پہلا گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے 88ویں منٹ تک برقرار رہی۔ ہالینڈ نے اسٹار اسٹرائیکر رابن وان پرسی کو میدان سے باہر بلایا لیکن دوسرے تجربہ کار کھلاڑی آئین رابن کو میدان میں رکھا جو مسلسل میکسیکو کے خطرہ بنے ہوئے تھے۔ہالینڈ نے میچ کے 88ویں منٹ میں ویسلے سنائیڈر کے گول کی بدولت میچ میں برابری حاصل کی۔کھیل کے چار اضافی منٹ کا کھیل جاری تھا جب ہالینڈ کے اسٹرائیکر آئین روبن میکسیکو کے گول کی طرف بڑھے اور پنالٹی حدود میں دفاعی کھلاڑی کے پیر سے پیر ٹکرانے کے بعد زمین پر گر گئے۔ میچ ریفری نے پنالٹی کک دینے کا اعلان کیا جس پر میکسیکو کے کھلاڑیوں نے شدید احتجاج کیا لیکن میچ ریفری نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا۔ ہالینڈ کے یان ڈرک ہنٹیلار نے پنالٹی کک پر گول کرکے ہالینڈ کو فتح دلا دی۔ میکسیکو کے گول کیپر اوچاوا نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کئی یقینی گول بچائے۔اوچاوا ہی برازیل کے راستے کی دیوار بن گئے تھے۔ فورٹیلیزا میں کھیلا جانے والا میچ انتہائی گرمی میں کھیلا گیا۔ فیفا کے مطابق میکسیکو اور ہالینڈ کے میچ کے پہلے ہاف کے دوران میدان کے اندر درجہ حرارت 38 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا۔ سخت گرمی کی وجہ سے ریفری نے ہر آدھے گھنٹے بعد ایک ’کولنگ بریک‘ دیا۔ ایک اور مقابلہ میں کوسٹاریکا کے گول کیپر نے یونان کی چوتھی پنالٹی بچاکر میچ اپنی ٹیم کے نام کرلیا۔ 50 لاکھ سے کم آبادی کے ملک کوسٹاریکا نے ایک سخت مقابلہ میں یونان کی ٹیم کو پنالٹی کِکس پر شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل ہے جہاں اس کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا۔ جب دونوں ٹیمیں مقررہ وقت اور اضافی وقت میں ایک دوسرے کو شکست نہ دے سکیں تو میچ کا فیصلہ پنالٹی کِکس پر ہوا۔ کوسٹاریکا نے پانچوں پنالٹی ککس پر گول کئے جب کہ یونان چوتھی پنالٹی پر گول نہ کرسکا۔ اس طرح ٹورنمنٹ سے باہر ہو گیا۔ کوسٹاریکا نے پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں کوسٹاریکا کے کپتان رویز نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلوائی جو میچ کے اختتامی لمحات تک قائم تھی۔ پہلے گول کے ایک منٹ بعد ایسا موقع آیا، جب کوسٹاریکا اپنی برتری کو دگنا کرسکتا تھا، لیکن میچ ریفری یونان کے کھلاڑی کا ہینڈ بال دیکھنے میں ناکام رہے۔ انگلینڈ کے سابق کھلاڑی لی ڈکسن کے مطابق اگر ریفری دیکھ لیتے تو یہ یقینی پنالٹی تھی۔ یونان نے آخری منٹوں میں دس کھلاڑیوں پر مشتمل کوسٹاریکا کی ٹیم پر دباؤ بڑھانا شروع کیا اور آخرکار میچ کے 90 ویں منٹ میں یونانی کھلاڑی سوکراتیس پاپاستاتھوپولوس نے گول کرکے میچ کو برابر کر دیا۔ اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں کسی نتیجہ پر نہ پہنچ سکیں اور میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔