ماسکو۔ 30جون (سیاست ڈاٹ کام) روس میں جاری فٹبال کنفیڈریشن کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جرمنی کی ٹیم نے میکسیکو کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 4-1 سے شکست دی ہے اور اب فاتح ٹیم اتوار کو چلی کیخلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔جرمنی نے کھیل کے چھٹے منٹ میں ہی لیون کے گول کی مدد سے برتری حاصل کر لی، میچ کے آٹھویں منٹ میں ایک مرتبہ پھر لیون نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی برتری 2-0 کر دی۔ دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد میکسیکوکی ٹیم دباؤ میں آ گئی، بھرپور فارم میں موجود جرمنی نے تیسرا گول 59 ویں منٹ میں کر کے مخالف ٹیم کی مشکل میں اضافہ کر دیا۔میکسیکو نے کچھ ہمت دکھائی اور 59 ویں منٹ میں پہلا گول کیا لیکن اگلے ہی منٹ میں جرمنی نے چوتھا گول بناتے ہوئے مقابلہ 4-1 سے جیت لیا۔ فاتح ٹیم اتوار کو چلی کیخلاف ٹورنمنٹ کا فائنل کھیلے گی جس نے پہلے سیمی فائنل میں پرتگال کو پنالٹی شوٹ آؤٹس میں شکست دی ہے۔