میڑچل میں خوفناک سڑک حادثہ،8 افراد شدید زخمی، کمسن بچے محفوظ

حیدرآباد ۔ 24 مئی (سیاست نیوز) میڑچل کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک خاندان کے 8 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تاہم اس حادثہ میں دوشیرخوار بچے کرشماتی طور پر بچ گئے۔ بتایا جاتا ہیکہ ضلع نظام آباد کے لنگم پیٹ علاقہ سے حسینہ بی اور ان کے افراد خاندان حیدرآباد کے علاقہ بہادر پورہ میں منعقد شدنی ایک تقریب میں شرکت کیلئے آرہے تھے اسی دوران میڑچل اور کومپلی کے درمیان ہائی وے پر ایک برق رفتار لاری نے ان کی ماروتی ویان کو اورٹیک کیا جس کے سبب ویان گہرے کھڈ میں گر گئی جس کے سبب 50 سالہ حسینہ بی، 20 سالہ محمد غوث، 12 سالہ محمد الطاف، 8 سالہ محمد اظہر، 22 سالہ مسکین سلطانہ، 35 سالہ منظوراحمد اور ان کی ایک گھریلو ملازمہ شدید زخمی ہوگئیں۔ اس حادثہ میں دیڑھ سالہ محمد فیروز اور ان کی 6 ماہ کی ہمشیرہ کرشماتی طور پر محفوظ رہ گئے۔ زخمیوں میں محمد غوث، الطاف اور مسکین سلطانہ کی حالت تشویشناک ہے جو فی الحال کوما میں ہیں۔ زخمیوں کو کومپلی کے آر آر ہاسپٹل علاج کیلئے منتقل کیا گیا ہے۔