حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) میڑپلی اور ایل بی نگر کے علاقوں میں دو افراد نے خودکشی کرلی۔ ایک نے مالی پریشانیوں سے تنگ آکر انتہائی اقدام کیا اور دوسرے کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ میڑپلی پولیس کے مطابق 35 سالہ اکھلیش راؤ جو پیشہ سے تاجر تھا، بوڈ اپل علاقہ میں رہتا تھا۔ 22 مارچ کو اس شخص نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور کل رات فوت ہوگیا۔ کاروبار میں نقصان کے سبب مالی پریشانی ایک وجہ تصور کی جارہی ہے۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 27 سالہ راجو نائک جو پیشہ سے ٹنٹ ہاؤز میں کام کرتا تھا، این ٹی آر نگر میں رہتا تھا، 2 سال قبل اس شخص کی بہن کی شادی ہوئی تھی اور اس کے چند روز بعد سے یہ شخص پریشان تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 21 مارچ کے دن اس نے خودسوزی کرلی اور آج فوت ہوگیا۔ تاہم پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کیس درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔