میڈیکل نشستیں فراہمی کے نام دھوکہ دینے والی ٹولی گرفتار

24 لاکھ روپئے ضبط ، دیگر ملزمین ہنوز مفرور ، انجنی کمار پولیس کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /31 اگست (سیاست نیوز) میڈیکل نشستیں فراہم کرنے کے بہانے عوام کو لاکھوں روپئے کا دھوکہ دینے والی بین ریاستی دھوکہ بازوں کی دو رکنی ٹولی کو کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 24 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 35 سالہ ابھیمنیو کمار سنگھ عرف دنیش کمار سنگھ ہے جس نے اپنے دیگر تین ساتھیوں سوریہ نارائینا جھا عرف رشی کانت ، کامران حسین اور اصغر سعید کی مدد سے 20 سے زائد نوجوانوں کو میڈیکل کالج میں سیٹ فراہم کرنے کے بہانے ٹھگ لیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھیمنیو کمار سنگھ بہار کے ضلع دربھنگہ میں ادویات کا کاروبار کرتا ہے اور اس کا قریبی ساتھی سوریہ نارائینا جھا پیشہ سے میڈیکل رپریزنٹیٹیو ہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ تین سال قبل ابھیمنیو کی ملاقات پٹنہ کے متوطن کامران حسین سے ہوئی اور معاشی تنگی کے سبب دونوں نے بنگلور کے میڈیکل کالجس میں نشست فراہم کرنے کے بہانے نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا منصوبہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دھوکے بازوں نے نیٹ امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا ڈاٹا حاصل کرتے ہوئے ان سے بذریعہ فون رابطہ قائم کیا اور انہیں یہ یقین دلایا کہ وہ کمیشن پر میڈیکل نشست فراہم کرسکتے ہیں ۔ منصوبہ بند طریقے سے دھوکہ دینے کے ارادے سے مذکورہ دھوکے بازوں نے سوماجی گوڑہ مہیشوری چیمبر میں اسکائی بریج انفوٹیک کنسلٹنٹس کے نام پر ایک ادارہ قائم کیا اور فلیٹ مالک کو فرضی شناختی کارڈس کی کاپیاں فراہم کیں ۔ دھوکہ بازوں نے معصوم طلبہ کو بنگلور کے میڈیکل کالجس میں نشست فراہم کرنے کیلئے فی امیدوار 50 لاکھ روپئے بشمول کمیشن حاصل کئے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ دھوکہ بازوں نے جملہ 20 نوجوانوں سے رقومات حاصل کئے اور بعد ازاں اپنا ادارہ بند کرکے غائب ہوگئے ۔ امیدواروں نے میڈیکل کالج بنگلور سے رابطہ قائم کیا اور میڈیکل سیٹ سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے پر دھوکے بازوں کے دعوے غلط اورجھوٹ ثابت ہوئے ۔ اس سلسلے میں متاثرین نے پنجہ گٹہ پولیس سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مقدمات درج کئے ہیں ۔ مسٹر انجنی کمار نے کہا کہ جاریہ سال مئی میں مذکورہ دھوکہ بازوں نے مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں بھی اسی قسم کا ایک ادارہ ایسنٹ کے نام سے قائم کیا اور کئی نوجوانوں سے 40 لاکھ روپئے حاصل کرکے فرا رہوگیا ۔ پولیس نے ابھیمنیو کمار اور سوریا نارائنا جھا کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 24 لاکھ نقد رقم ، موبائیل فونس ، شناختی کارڈس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا جبکہ کامران حسین اور اصغر سعید ہنوز مفرور ہے ۔