میڈیا کے خلاف چیف منسٹر کی دھمکیوں کی تحقیقات

ورنگل۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آزادی صحافت پر روک لگانے اور دھمکی دینے ، سخت الفاظ میں تنقید و انتباہ دینے پر پریس کونسل آف انڈیا کی سہ رکنی کمیٹی نے ورنگل کا دورہ کرتے ہوئے جرنلسٹ یونین قائدین اور جرنلسٹ کے ساتھ جائزہ اجلاس کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقد کیا۔واضح رہے کہ9ستمبر کو چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے تلگو کے مشہور شاعر کالوجی نارائنا کی صد سالہ یوم پیدائش تقریب میں شرکت کیلئے ورنگل کا دورہ کیا تھا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ورنگل میں منعقدہ جلسہ میں چیف منسٹر نے جرنلسٹ کو انتباہ دیتے ہوئے دھمکی آمیز الفاظ کا استعمال کیا تھا۔ جس کو پریس کونسل آف انڈیا نے نوٹ کرتے ہوئے اس بیان کی حقیقت اور صحافیوں کی شکایت سننے کیلئے پریس کونسل اف انڈیا نے راجو رنجن ناگ کی قیادت میں سہ رکنی ٹیم کرشنا پرساد، امرناتھ نے ورنگل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جرنلسٹ نے اس واقعہ کی تفصیلات سے واقف کروایا اور اس ضمن میں میمورنڈم حوالے کیا۔

اس موقع پر تلگو نیوز چینل ٹی وی 9اور اے بی این رپورٹرس نے سہ رکنی ٹیم کے سامنے شکایت کی کہ چیف منسٹر آزادی صحافت کے خلاف کام کررہے ہیں۔ غیر ضروری طور پر ان چینلوں کی ٹیلی کاسٹ پر روک لگادی گئی ہے۔ راجیو رنجن ناگ نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے بیان پر میڈیا حلقوں میں تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ اس ضمن میں حقیقت سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے سہ رکنی ٹیم ورنگل کے دورہ پر آئی ہے ۔ اس موقع پر الکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے رپورٹرس نے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ کلکٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں پریس کونسل آف انڈیا رکن راجیو رنجن ناگ، کرشنا پرساد ایڈیٹر انچیف آؤٹ لک ہفتہ وار میگزین، امرناتھ سینئر جرنلسٹ، ضلع کلکٹر جی کشن، انفارمیشن ای ڈی بال گنگادھر تلک ، ڈی ایس جگن و دیگر موجود تھے۔