میڈیا میں برقراری کیلئے کجریوال کی مودی پر تنقید :شاہنواز حسین

نئی دہلی ۔ 17 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ وہ (کجریوال ) بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو محض اس لئے نشانہ بنارہے ہیں کہ وہ میڈیا کی سرخیوں میں اپنا نام برقرار رکھ سکیں۔ بی جے پی کے ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ ’’اروند کجریوال اگر میڈیا کی سرخیوں میں برقرار رہنا چاہتے ہیں تو وہ ’نامو نامو‘‘ کا جاپ کریں۔ وہ ( کجریوال ) جانتے ہیں کہ وہ محض خبروں اور سرخیوں میں برقرار رہنے کیلئے مودی ، مودی کا ہوا کھڑا کررہے ہیں‘‘ ۔ شاہنواز نے کہا کہ کجریوال کو دہلی سے بیدخل کیا جاچکا ہے اور اب نہ تو میڈیا اور نہ ہی ملک کے عوام ان پر کوئی توجہ دینا چاہتے ہیں ۔ کجریوال کی بات کو اب کوئی سنجیدگی سے سنننے کیلئے بھی تیار نہیں ہے ۔ اگر وہ ( کجریوال) مودی کے خلاف نہ کہیں تو میڈیا بھی ان پر کوئی توجہ نہیں دے گا چنانچہ وہ ( کجریوال ) مودی کا نام جاپتے ہوئے اپنی سیاست چلارہے ہیں۔ کجریوال نے گزشتہ روز بنگلور میں کہا تھا کہ وہ 23مارچ کو وارانسی کا دورہ کریں گے جہاں بی جے پی نے وزارت عظمیٰ کیلئے اپنے امیدوار مودی کو نامزد کیا ہے اور اب یہ اس شہر کے عوام کے فیصلہ پر منحصر ہے کہ اس شہر سے مقابلہ کی ذمہ داری انھیں (کجریوال کو) دی جائے یا نہ دی جائے ۔ عوام کے فیصلے کو قطعی قرار دیتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ وارانسی کے عوام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قطعی ہوگا ۔