نئی دہلی۔ 28اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ’’من کی بات‘‘ پروگرام میں 29اگست کو ہونے والے کھیلوں کے قومی دن کے موقع پر عظیم ہاکی کھلاڑی دھیان چند کو خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں حب الوطنی کی جیتی جاگتی مثال قرار دیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ "دھیان چند نے سال 1928 ، 1932 اور 1936میں اولمپک کھیلوں میں ہندوستان کو ہاکی کا طلائی تمغہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ہم سب کرکٹ کے مداح براڈمین کا نام جانتے ہیں، جنہوں نے دھیان چند کے بارے میں کہا تھا کہ دھیان چند رن بنانے کی طرح گول کرتے ہیں۔ ریو اولمپکس کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے لڑکیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا ایسا لگتا ہے کہ پورے ہندوستان کی بیٹیوں نے ملک کا نام روشن کرنے کی ٹھان لی ہے ۔ کھیل کو وقت برباد کرنے والی چیز نہ سمجھیں۔ اولمپک تمغہ جیت کر بیٹیوں نے ملک کا سر بلند کیا ہے ۔ انہوں نے کہا اس بات سے تو انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ریو میں اپنی امید کے مطابق ہم مظاہرہ نہیں کر پائے اور تمغوں کی فہرست میں تو صرف دو ہی تمغہ ملے ہیں لیکن یہ بھی صحیح ہے کہ بہت سے کھیلوں میں پہلی بار ہندوستانی اتھیلیٹس نے کافی اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔مودی نے کہا "نشانہ بازی میں ابھینو بندرا اور جمناسٹ میں دیپا کرماکر نے اچھی کارکردگی پیش کی لیکن دونوں ہی معمولی فرق سے تمغہ جیتنے سے محروم رہ گئے ۔ دیپا تو جمناسٹک میں کوالیفائی ہونے والی پہلی ہندوستانی اتھلیٹ ہیں ، کچھ ایسا ہی ٹینس میں ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا کی جوڑی کے ساتھ ہوا۔ مودی نے کہا باکسنگ میں وکاس کرشن یادو کوارٹر فائنل تک پہنچے ، لیکن کانسہ کا تمغہ نہیں جیت سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں موثر اقدامات کرے گی اور آئندہ کیلئے قابل اتھلیٹس کی تیاری کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا "ہمیں سال 2020، 2024 اور 2028 کے اگلے تین اولمپکس کے لئے طویل مدتی منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کھیلوں کی دنیا سے منسلک تمام ایسوسی ایشنز سے بھی درخواست کی کہ وہ سنجیدگی سے حقائق کا جائزہ لیں ، انہیں پورا یقین ہے کہ ہم سوا سو کروڑ لوگوں جس میں 65فیصد نوجوان ہیں، کھیل کی دنیا میں بھی بہترین پوزیشن حاصل کریں گے۔