انچیان۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کیلئے بھلے ہی میڈلس کی تعداد کم ہوئی ہے لیکن جشن منانے کا موقع بھی موجود ہے جیسا کہ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ایک طویل عرصہ کے بعد گولڈ میڈل حاصل کیا ہے جبکہ لیجنڈ باکسر ایم سی میری کوم نے بھی ملک کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پہلی باکسر بن چکی ہے ۔پستول شوٹر جیتو رائے اور فری اسٹائل میں یوگیشور دت بھی ایشین گیمس کے ہیرو ثابت ہوئے ہیں ۔ جب کہ ہندوستانی اتھیلیٹ نے اس مقصد کے تحت جنوبی کوریا کے ایشین گیمس میں شرکت کی تھی کہ وہ 2010ء میں حاصل کردہ میڈلس کی تعداد 65کو مزید آگے بڑھائیں گے لیکن وہ اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ہندوستانی اتھیلیٹ نے 11گولڈ میڈلس حاصل کئے جو کہ چار برس قبل چین میں حاصل کردہ گولڈ میڈلس کی تعداد میں تین میڈلس کی کمی ہے۔ سلور میں 10اور برونز میں 36میڈلس کے ساتھ مجموعی طور پر ہندوستان کے نام 57میڈلس رہے ۔چار گولڈ میڈلس میں دو اتھیلیٹکس اور دو میڈلس کبڈی حاصل ہوئے ہیں جب کہ ہاکی ‘ نشانہ بازی ‘ باکسنگ ‘ شوٹنگ ‘ اسکوائش اور ٹینس کے علاوہ ریسلنگ میں بھی ہندوستان نے سنہری فتوحات حاصل کی ہیں۔