میڈرڈ کو وائلنشیا کیخلاف حیران کن شکست

میڈرڈ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مقابلے کے ابتدائی 8 منٹوں میں سیمون زازا اور فابیان اورل لانا کے یکے بعد دیگرے دو گول کی بدولت وائلنشیا نے خطاب کی دعویدار اور کرسٹیانو رونالڈو کی زیرقیادت رئیل میڈرڈ کو حیران کن شکست سے دوچار کردیا۔ وائلنشیا کی اِس حیران کن کامیابی کے بعد خطاب کی دوڑ پھر ایک مرتبہ سب کے لئے آسان ہوچکی ہے کیوں کہ رئیل میڈرڈ کو اِس مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ خطاب کی اپنی دعویداری کو مضبوط کرنے کا موقع دستیاب تھا لیکن 2-1 کی شکست کے بعد برسیلونا سے وہ صرف ایک نشان آگے ہے جبکہ سیولا سے تین نشانات آگے ہے۔ مقابلے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے رئیل میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیدان نے اسپین کی ٹی وی سے کہاکہ ہم مقابلے کے ابتدائی 10 منٹوں میں ہی شکست کھاچکے تھے۔ زیدان نے مزید کہاکہ میں فکرمند نہیں ہوں تاہم مجھے غصہ ہے کیوں کہ اِس شکست کے ہم خود ذمہ دار ہیں۔ اطالوی اسٹرائیکر زازا نے جیسے ہی گول اسکور کیا اِن کے آنکھ سے آنسو بہہ رہے تھے کیوں کہ ماہ مئی سے اب تک وہ گول کرنے میں ناکام تھے، اس مقابلے میں گول کی بدولت اِن کا اعتماد بحال ہوا ہے۔