میڈرڈ میوزیم میں رونالڈو کا مجسمہ نصب

میڈرڈ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پرتگالی سوپر اسٹار فٹبالر کرسٹینانو رونالڈو کی خدمات کو سراہنے کی غرض سے ان کے کلب ریئل میڈرڈ کے میوزیم میں ان کا نیا دھاتی مجسمہ نصب کیا گیا ہے جو ہوبہو رونالڈو سے مماثلت رکھتا ہے۔ قبل ازیں ان کے آبائی شہر میڈیرا کے ایرپورٹ پر کچھ عرصے قبل دھاتی مجسمہ لگایا گیا جو دنیا بھر میں مذاق کا نشانہ بنارہا۔ مذکورہ کاوش جوز انٹونیو نامی فنکار کی تھی جس میں کہیں بھی 32 سالہ فٹبالر کی شبیہہ دکھائی نہیں دیتی تھی۔ خود رونالڈو نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجسمے کے نقوش ان کے بجائے سابق آئرش فٹبالر نیل کوائن سے ملتے ہیں لیکن نئے مجسمہ کی رونمائی خود رونالڈو نے کی اور مجسمہ ساز کو ان کی تخلیق پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اورکہاکہ یہ کافی حد تک مجھ سے ملتا جلتا ہے۔