میچ منسوخ ہونے کے بعد ارجنٹینا پر اسرائیل برہم

یروشلم ۔7جون(سیاست ڈاٹ کام)اسرائیل کے عوام نے ارجنٹینا کی جانب سے ورلڈ کپ سے قبل اسرائیل میں منعقد ہونے والے ان کے آخری وارم اپ میچ کو فلسطین کے حامیوں کے احتجاج اور کچھ ممالک کے سربراہان کا لیونل میسی اور اس کے ساتھی کھلاڑیوں پر دہشت گردی کو پناہ دینے کے الزامات لگانے کے بعد منسوخ کیے جانے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ 9 جون کو اسرائیل اور ارجنٹینا کے درمیان دوستانہ میچ مقبوضہ بیت المقدس میں واقع ٹیڈی اسٹیڈیم میں منعقد ہونا تھا جس کے لیے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے تھے۔ارجنٹینا کے اسٹرائیکر گونزالو ہیگوائن نے کہا تھا کہ بالآخر انہوں نے اچھا فیصلہ کر ہی لیا، صحت اور شعور کو مد نظر رکھنا چاہیے، ہمیں لگتا کہ ہمارا جانا ٹھیک نہیں ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم بن جامین نتن یاہو نے ارجنٹیناکے صدر کو فون کرکے معاملے میں مداخلت کرنے کی درخواست کی۔دفاعی وزیر اوگدور لیبرمین نے کہا کہ یہ بد قسمتی ہے کہ ارجنٹینا کے کھلاڑی اسرائیل کے مخالفین کے آگے کھڑے نہیں رہ سکے جن کا اصل مقصد ہمارے دفاع کا بنیادی حقوق کو نقصان پہنچانا اور اسرائیل کی تباہی ہے۔اسرائیلی صدر روون ریولن نے کہا کہ اسرائیل میں میرے پوتے سمیت کھیلوں کے مداحوں کے لیے یہ انتہائی افسوسناک خبر ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل یہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ فٹبال ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹینا اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ پر فلسطینی بچوں نے احتجاج کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی سے یہ میچ نہ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔دونوں ملکوں کے درمیان جاری تاریخی تنازعہ اور حال ہی میں فلسطینی عوام پر کی گئی اسرائیلی فوج کے ظلم و ستم کے بعد 70 فلسطینی بچوں پر مشتمل گروپ نے میسی کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ وہ اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت نہ کریں۔مذکورہ خط 3 جون کو اسرائیل میں ارجنٹینا کے سفارتخانے کے حوالے کیا گیا جس میں فلسطینی بچوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ان خاندانوں کے بچے ہیں جن سے چھینی گئی زمینوں پر اب ٹیڈی اسٹیڈیم دوبارہ قائم کیا گیا ہے۔

ہیری کین دنیائے فٹبال کے
مہنگے ترین کھلاڑی
لندن ۔7جون(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان اور انگلش کلب ٹوٹنہم ہوٹسپر کے معروف کھلاڑی ہیری کین کو دنیائے فٹبال میں سب سے زیادہ قدروقیمت والا کھلاڑی قرار دیا گیا ہے جبکہ انگلش پریمیئر لیگ میں ان کے حریف اور مصر و لیور پول کے کھلاڑی محمد صلاح اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔رئیل میڈرڈ کومسلسل تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ خطاب دلانے والے کرسٹیانو رونالڈو کو اس تناظر میں24واں نمبر ملا ہے۔ ہیری کین کی قدر 176ملین پونڈ بتائی گئی گئی ہے جبکہ 198ملین پونڈ کی ٹرانسفر فیس کا ریکارڈ بنانے والے برازیلی فٹبالر نیمر دوسرے نمبر ہیں اور ان کی موجودہ قدر171ملین پونڈ ہے۔ فرانس کے کیلیان مباپے 163ملین پونڈ کی قدر رکھتے ہیں اور بارسلونا کے میسی ،لیور پول کے لئے کھیلنے والے مصر کے محمد صلاح چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے ہیں۔ ان کی قدر با لترتیب 161اور150ملین ہے۔33سالہ کرسٹیانو رونالڈو100فٹبالرز کی اس فہرست میں سب سے معمر کھلاڑی ہیں۔