آکلینڈ۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے قانون سازوں نے متفقہ طور پر ایک قانونی بل کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو سات برس تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اس قانون کے تحت پولیس کو تحقیقات کے لیے زیادہ اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔ یہ قانون آئندہ برس فروری اور مارچ میں نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی ورلڈ کپ کے انعقاد کے تناظر میں منظور کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اسی قانون کے تحت اگلے برس مئی اور جون میں انڈر 20فٹ بال ورلڈ کپ کے موقع پر ممکنہ میچ فکسنگ واقعات کی روک تھام ہو سکے گی۔ رواں ماہ کے وسط میں نیوزی لینڈ کے گورنر جنرل کے دستخطوں کے ساتھ ہی یہ قانون نافذ العمل ہو جائے گا۔ اس قانون کو منظور کرنے کا مقصد کھیلوں کو بد عنوانیوں سے پاک کرنا ہے۔ میچ فکسنگ جرائم کا ترمیمی بل گزشتہ 12 ماہ سے نیوزی لینڈ حکومت کی طرف سے کھیلوں میں بدعنوانی سے نمٹنے کیلئے پیش اقدامات کا حصہ تھا، میچ فکسنگ بین الاقوامی سطح پر اس وقت ہر ملک کیلئے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے اور اس کی وجہ سے کھیل کے حسن کو شدید نقصان پہنچا۔