لندن۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے کرکٹ میں میچ فکسنگ اسکینڈل کے معاملے پر تحقیقات کیلئے مشتبہ شخص کو شفیلڈ کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی پولیس نے پاکستانی بیٹسمین ناصر جمشید کو فکسنگ مقدمہ میں تحقیقات کیلئے اپنی حراست میں لیا تھا جو اپریل تک ضمانت پر رہا ہیں جبکہ سٹہ باز یوسف کو بھی ایک دن کیلئے گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ این سی اے کے مطابق پاکستان کرکٹ میں کرپشن کے الزام میں تیس سالہ مشتبہ شخص کو پکڑا گیا جس کو تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ اس گرفتاری کا تعلق پاکستان سوپر لیگ میں میچ فکسنگ اسکینڈل سے بتایا جا رہا ہے۔