میٹرو شہروں میں جائیداد ٹیکس میں اضافہ کی تجویز

نئی دہلی، 31جنوری  (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے میٹرو شہروں میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور پانی کی نکاسی ، پینے کا پانی، پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیم ، صحت اور بجلی کی سپلائی جیسی سہولیات میں اضافہ کے لئے جائیداد ٹیکس میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی طرف سے آج پارلیمنٹ میں پیش کردہ اقتصادی سروے 2016-17میں کہا گیا ہیکہ میٹرو شہروں کی سطح پر جائیداد ٹیکس سے اضافی ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ شہری مقامی اکائیوں کی اصل ذمہ داری شہروں کی ترقی اور خدمات فراہم کرنا ہے لیکن یہ بڑے بنیادی ڈھانچے کی کمی، ناکافی فنڈ اور خراب حکمرانی جیسے مسائل سے دوچار ہیں ۔ ہر میٹرو شہر پانی، بجلی کی سپلائی،کوڑے کچرے کا بندوبست، پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیم، صحت خدمات اور آلودگی کے مسئلہ سے متعلق چیلنجز کا سامنا کررہا ہے ۔سروے کے مطابق بہتر سرویس ، سپلائی اور وسائل، ریونیو حاصل کرنا، ملازمین کی تعداد، فی کس رقم خرچ کے درمیان گہرا تعلق ہے۔