میٹرو ریل کے افتتاح کے دوران پروٹوکال کی خلاف ورزی پر ردعمل

کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں نے گولکنڈہ کے عشائیہ کا بائیکاٹ کردیا
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خان نے میٹرو ریل کے افتتاحی تقریب میں پروٹوکال کی خلاف ورزی کرنے پر آج چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے گولکنڈہ میں ترتیب دئیے جانے والے عشائیہ کا بطور احتجاج بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ۔ پارلیمنٹ کے سکریٹری کو شکایت بھی کردی ۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خان نے کل حیدرآباد میں وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے افتتاح کردہ میٹرو ریل کی تقریب میں پروٹوکال خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ حیدرآباد سے راجیہ سبھا میں نمائندگی کرتے ہیں ۔ حیدرآباد کے ووٹر لسٹ اور آدھار کارڈ میں ان کا نام شامل ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے انہیں نظر انداز کرتے ہوئے پروٹوکال کی خلاف ورزی کی ہے ۔ جس کی وہ بذریعہ میل پارلیمنٹ کے سکریٹری کو شکایت کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کراچکے ہیں ۔ ایم اے خان نے کہا کہ انہیں نظر انداز کرنا تلنگانہ عوام کی توہین کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا ۔ اج ٹی آر ایس اقتدار میں کل کانگریس برسر اقتدار آسکتی ہے ۔ حکومتیں کسی بھی جماعت کی ہوں ترقیاتی تعمیری اور فلاحی کام جاری رہیں گے ۔ جب پروٹوکال تیار کیا گیا ہے تو اس پر عمل آوری حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ تعجب اس بات کا ہے کہ تلنگانہ حکومت نے پروٹوکال کی فہرست میں شامل رہنے والے انہیں نظر انداز کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن اور بی جے پی کے فلور لیڈر جی کشن ریڈی کو مدعو کیا ہے ۔ اس سے یہی اشارے ملتے ہیں کہ مستقبل میں ٹی آر ایس بی جے پی سے سیاسی اتحاد کرنے والی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کو خوش اور مطمئن کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے ڈاکٹر لکشمن اور جی کشن ریڈی کو افتتاحی تقریب کا حصہ بنایا ہے ۔ ایم اے خان نے بتایا کہ آج ریاستی حکومت کے پروٹوکال ڈپارٹمنٹ نے انہیں ٹیلی فون پر شام میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایوانکا ٹرمپ اور دوسرے بیرونی مندوبین اور مہمانوں کے لیے ترتیب دئیے جانے والے عشائیہ میں مدعو کیا ہے ۔ وہ حکومت کے اس دعوت کا بطور احتجاج بائیکاٹ رہے ہیں ۔۔