میٹرو ریل کا پہلا تجرباتی سفر، خودکار کنٹرول نظام

حیدرآباد 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) خود کار کنٹرول نظام کے تحت میٹرو ریل کا پہلا تجرباتی سفر گزشتہ شب حیدرآباد میں کیا گیا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے بموجب سرزمین ہند پر پہلی مرتبہ میٹرو ٹرین کا خودکار کنٹرول نظام کے ذریعہ آغاز ایچ ایم آر نے کیا ہے اور اِس کامیاب تجربہ پر منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی ایس ریڈی نے تمام عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ حیدرآباد میٹرو ریل جوکہ خودکار کنٹرول نظام سے لیس ہوگی، اِس نظام کا پہلی مرتبہ حیدرآباد میں استعمال کیا جارہا ہے۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ اِس سسٹم کو دہلی میٹرو ٹرین نے بھی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے کمیونکیشن بیسڈ ٹرین کنٹرول سسٹم بھی متعارف کیا جارہا ہے تاکہ عصری سگنلنگ نظام کو اختیار کیا جاسکے۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ شب پہلی مرتبہ اِن عصری ٹیکنالوجیز کے ذریعہ ٹرین کو چلاتے ہوئے جو تجربہ کیا گیا ہے وہ انتہائی کامیاب ثابت ہوا ہے۔ اِس تجربہ کے اعتبار سے حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے آپریشن کنٹرول سنٹر کے علاوہ آٹومیٹک ٹرین سوپرویژن اور آٹومیٹک ٹرین پروٹیکشن کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِن عصری نظام کو اختیار کرنے کے بعد محفوظ ترین میٹرو ٹرین کے سفر کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

اِس ہائی ٹیک طریقہ کار کے متعلق مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے مسٹر سیمون لی اِس عصری نظام کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور مزید تجرباتی سفر کے بعد اِس نظام کو قطعیت دے دی جائے۔ مسٹر این وی ایس ریڈی کے علاوہ مسٹر محمد ضیاء الدین و دیگر نے آٹو میٹک ٹرین آپریشن کے تجرباتی سفر میں حصہ لیا جوکہ ناگول تا مٹو گوڑہ کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے عصری ٹیکنالوجی کو اختیار کئے جانے پر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اِس اعتماد کا اظہار کیاکہ حیدرآباد میٹرو ریل حیدرآباد کو بین الاقوامی سطح پر گلوبل ٹیکنالوجی کے مرکز میں تبدیل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔