میٹرو ریل پراجکٹ کے دوسرے مرحلہ کے کاموں کا آغاز

حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : (سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کی راجدھانی شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل پراجکٹ کے دوسرے مرحلہ کے تحت کاموں کی شروعات کرنے کے لیے حکومت پابند اور تیار ہے ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں اس مسئلہ پر وقفہ سوالات کے دوران ارکان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ شہر حیدرآباد کی پانچ سمتوں ( یعنی راستوں ) میں میٹرو ریل کو وسعت دی جائے گی اور اس سلسلہ میں تمام تر سروے وغیرہ بھی کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں پور تا پٹن چیرو ، ایل بی نگر تا حیات نگر ، ناگول تا ایل بی نگر ، تارناکہ تا ای سی آئی ایل اور رائے درگم تا شمس آباد کے درمیان جملہ 83 کیلومیٹر فاصلہ تک میٹرو ریل پراجکٹ کو وسعت دی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایم ٹی سی کو دوسرے مرحلہ کے تحت اہم ہندو مذہبی مقام یدادری (یادگیر گٹہ ) تک وسعت دینے کے عاجلانہ اقدامات کئے جائیں گے تاکہ یدادری تک عقیدت مندوں کو پہونچنے میں سہولت فراہم ہوسکے ۔۔