نوجوانوں سے لاکھوں روپئے ہڑپنے کا شاخسانہ
ٹاسک فورس ویسٹ زون کی کارروائی
حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) میٹرو ریل میں ملازمتوں کا جھانسہ دے کر سینکڑوں نوجوانوں سے کروڑہا روپئے ہڑپنے والی دھوکہ بازوں کی چار رکنی ٹولی کو ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹولی کے سرغنہ 46 سالہ ٹی انیتا ہے جو اپنے دیگر تین ساتھیوں جی وجیتا ریڈی، پی روی چندرا اور پی امروتا کی مدد سے میٹرو ریل کی مختلف جائیدادوں پر تقررات کروانے کا دعویٰ کرتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں سے ایک کروڑ 27 لاکھ روپئے ہڑپ لئے۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ دھوکہ باز میٹرو ریل میں ٹریک انجینئر، انٹیگریٹیڈ اسسٹنٹ منیجر اور اسوسی ایٹ منیجر میٹرو ریل ڈپارٹمنٹ میں تقررات کروانے کا دعویٰ کرتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کو فرضی تقرر نامے جاری کئے۔ پولیس نے بتایا کہ میٹرو ریل کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کوتہ پرکاش اور شیوپرساد کے نام پر فرضی تقرر نامے جاری کئے گئے تھے۔ دھوکہ دہی کا شکار بے روزگار نوجوانوں نے پولیس اسٹیشن ایس آر نگر میں اس سلسلہ میں ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ بھی درج کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران ویسٹ زون ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ چار دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 14 لاکھ 50 ہزار نقد رقم برآمد کرلی۔ پولیس نے اس کارروائی میں 70 فرضی تقرر نامے، موبائیل فونس، ایشین برائیٹ کیرئیر نامی ادارہ کے لیٹر ہیڈس بھی برآمد کرلئے۔