اغواء کنندہ کی گرفتاری، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کا دورہ ہاسپٹل
حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) سلطان بازار میٹرنیٹی ہاسپٹل سے اغوا ہونے والی نومولود بچی کو اس کی ماں کے حوالے کردیا گیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے آج دوپہر میٹرنیٹی ہاسپٹل پہنچ کر مغویہ بچی کو اس کی ماں ایس وجیا کے حوالہ کردیا۔ اس موقع پر کمشنر پولیس نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سنسنی خیز اغوا کے واقعہ کے معمہ کو حیدرآباد پولیس نے اندرون 5 گھنٹے حل کرتے ہوئے اغوا کنندہ خاتون کی نشاندہی کرلی اور مغویہ بچی کو کامیاب طور پر برآمد کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آنے کے فوری بعد ہی سلطان بازار اور ٹاسک فورس ٹیموں کو چوکس کرلیا گیا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیجس کی مدد سے خاتون مغویہ بچی کے ساتھ بیدر کی بس میں سوار ہونے کا پتہ لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اغوا کنندہ خاتون کا پتہ لگا کر اسے گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہیکہ اغوا کنندہ خاتون سابق میں بھی اسی قسم کے دو اغوا کے واقعات میں ملوث ہے۔ بعدازاں نومولود کو سلطان بازار میٹرنیٹی ہوم کی ڈاکٹروں کی ٹیم نے نومولود بچی کو نیلوفر دواخانہ منتقل کیا۔ تاہم مغویہ بچی کے ماں باپ نے بچی کا نام اسسٹنٹ کمشنر آف سلطان بازار ڈاکٹر ایم چیتنا جنہوں نے بچی بچانے کے آپریشن میں اہم رول ادا کیا تھا کا نام رکھا گیا ۔