میونسپل کونسل ونپرتی کا ہنگامی اجلاس

ونپرتی ۔ /28 جنوری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ بالخصوص محبوب نگر ضلع میں سوائن فلو کے مرض سے اموات میں تیزی پیدا ہونے پر آج میونسپل کمشنر محمد غوث محی الدین کی نگرانی اور میونسپل چیرمین بی رمیش گوڑ کے زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر کئی کونسلرس غیر حاضر تھے۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے والے کونسلروں نے سوائن فلو کی روک تھام کیلئے صلاح و مشورے دیئے۔ اپوزیشن جماعتوں کے کونسلروں نے سوائن فلو کی روک تھام کیلئے ریاستی حکومت کی لاپرواہی کی مذمت کی۔ اس موقع پر کونسلروں نے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ شہر میں صفائی کیلئے ورکرس کی قلت ہے۔ اس کیلئے ورکرس کی تعداد میں اضافہ کرنے کیلئے اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کرنے کا مطالبہ کیا جس پر چیرمین نے کہا کہ اس معاملہ میں اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کی گئی تھی لیکن تین ماہ کی مدت طلب کی تھی اور ابھی ایک ماہ باقی ہے۔

بہت جلد ونپرتی میونسپلٹی میں ورکرس کا اضافہ کیا جائے گا۔ کونسلروں نے کہا کہ سوائن فلو کے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے اور پمفلٹ کی تقسیم کی جائے۔ کونسلر بھونیشوری نے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ شہر میں ہر جگہ خنزیروں کی کثرت دیکھی جارہی ہے۔ خنزیروں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے کئی مرتبہ عہدیداروں سے نمائندگی کی گئی لیکن ابھی تک خنزیروں کو منتقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سوائن فلو مرض سے محفوظ رہنے کیلئے ایم ای او سے مشاورت کے بعد تمام سرکاری و خانگی اسکولوں کو 10دن کی تعطیل دینے کا مطالبہ کیا۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر خنزیروں کو شہر سے 5کیلو میٹر دوری پر منتقل کرنے کی قرارداد منظور کی گئی۔ اس اجلاس میں ونپرتی ایریا ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پربھارت بھاسکر نے شرکت کی۔ سوائن فلو کے متعلق تفصیلی بات کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خوفزدہ اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ اگر کسی کو کھانسی بخار زکام، سردرد، جسم درد میں شدت ہو تو وہ ڈاکٹرس سے رجوع ہوں۔ ونپرتی ایریا ہاسپٹل میں سوائن فلو وارڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور یہاں تمام ادویات موجود ہیں۔ اس موقع پر تمام کونسلروں کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔