میونسپل کمشنر ظہیرآباد کانگریس کے ایجنٹ

ظہیر ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انچارج تلگو دیشم پارٹی حلقہ اسمبلی ظہیر آباد وائی نروتم نے آج یہاں پارٹی آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر ظہیر آباد پر کانگریس کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا ا لزام عائد کیا اور کہا کہ ان کا دور کمشنری کئی ایک بدعنوانیوں سے عبارت ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ میونسپلٹی بھونگیر میں بحیثیت سنٹری انسپکٹر کام کرنے والے عہدیار کا میونسپلٹی ظہیر آباد میں بحیثیت ڈپیوٹیشن میونسپل کمشنر کام کرنے سے رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرنے والوں کی بن آئی ہے ۔ دھڑلے سے غیر مجاز تعمیرات جاری ہیں۔ سری نتھی کے تحت منظورہ رقم کا غلط استعمال ہورہا ہے ۔ تین ایکڑ اراضی پر منظورہ لے آؤٹ کی آر میں 32 ایکر اراضی پر پلاٹس بناکر فروخت کئے جانے پر خاموشی اختیار کی جارہی ہے ۔ انہوں نے موضع اٹکے پلی میں واقع ان ٹیک ویل کی درستگی میں بھی فنڈ کے غلط استعمال کا بھی الزام عائد کیا ۔

انہوں نے ہاؤزنگ بورڈ کالونی میں پہلی مرتبہ منعقد شدنی ہفتہ واری بازار کا ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کے داماد کے ہاتھوں افتتاح کرانے پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ وہ تو کوئی سرکاری عہدیدار ہیں اور نہ کوئی منتخب عوامی نمائندہ ہیں ۔ انہوں نے موجودہ رکن اسمبلی و ریاستی وزیر کے پنچسالہ دور میں کئی ترقیاتی کام انجام دیئے جانے کے دعوے کو کھوکھلا قرار دیا ۔ انہوں نے میونسپلٹی ظہیر آباد کی آفس میں رشوت کے عام چلن کو روکنے کیلئے موجودہ ڈپیوٹیشن کمشنر کا فوری تبادلہ کرتے ہوئے ایک مستقل میونسپل کمشنر کا تقرر کرنے کا ضلع کلکٹر سے مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے سرکردہ قائدین بی بھاسکر ، سید مسعود حسین ، محمد تنظیم ، محمد یوسف ، ایم یکیا ، حیدر پٹیل ، خسرو پٹیل اور دوسرے موجود تھے۔