میونسپل کارپوریشن نظام آباد کا امرود اسکیم کے تحت انتخاب

میئر کمشنر بلدیہ کو دہلی اجلاس میں شرکت کی دعوت
نظا م آباد۔22جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میونسپل کارپوریشن نظام آباد کو امرود اسکیم کے تحت منتخب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے اور اس خصوص میں 25 جون کے روز دہلی میں میونسپل کارپوریشن مئیر، کمشنر کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس اجلاس میں شرکت کیلئے مئیر نظام آباد آکولہ سجاتا، کمشنر وینکٹیشورلو کو احکامات جاری کئے گئے اور اس اجلاس میں شرکت کیلئے مئیر نظام آباد آکولہ سجاتا، کمشنر وینکٹیشورلودہلی کیلئے24؍ جون کو روانہ ہورہے ہیں ۔ مرکزی حکومت نے ایک لاکھ سے زائد آبادی والے 500 شہروں کو امرود اسکیم کے تحت منتخب کیا۔ منتخب کردہ 500 شہروں میں تلنگانہ کے 15شہر شامل ہے ان میں قابل ذکر حیدرآباد، نظام آباد، ورنگل، کھمم، کریم نگر، رامگنڈم کے علاوہ ایک لاکھ آبادی والے میونسپلٹیز نلگنڈہ، جگتیال، عادل آباد، سدی پیٹ، کتا گڑم،منچریال، سوریہ پیٹ، محبوب نگر، نیرل گوڑہ شامل ہے۔ مرکزی حکومت نے امرود اسکیم کے ساتھ اسمارٹ سٹی کی حیثیت سے ان 15 شہروں کا انتخاب عمل میں لاتے ہوئے ہر سال بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 80تا 100کروڑ روپئے مختص کرنے کے امکانات ہیں۔امرود اسکیم کے علاوہ اسمارٹ سٹی کی حیثیت سے بھی انتخاب عمل میں لانے کی صورت میں دونوں اسکیم سے کارپوریشن کو ہر سال کروڑوں روپئے کے فنڈس حاصل ہوں گے اور اس سے شہر کی ترقی تیزی کے ساتھ ہوگی ۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کو امرود اسکیم میں شامل کئے جانے پر مئیر نظام آباد آکولہ سجاتا نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کے کویتا کی کوششوں کے نتیجہ میں نظام آباد میونسپل کارپوریشن کو امرود اسکیم میں شامل کیا گیا اس اسکیم سے شہر کی ترقی فنڈس حاصل ہونگے۔ کمشنر مسٹر وینکٹیشورلو نے کہا کہ امرود اسکیم سے ہر سال 80 کروڑ روپئے کے فنڈس حاصل ہوں گے۔اس اسکیم کے بارے میں تفصیلی طور پر 25؍ جون کے روز وزیر اعظم مسٹر نریندرمودی واقف کروائیں گے۔ اس اسکیم کے ساتھ ماسٹرپلان کی عمل آوری کی گئی تو شہر کی ترقی مزید تیزی کے ساتھ ہوں گی۔