دبئی ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں ٹرک سے راہ گیروں کو روندے جانے کے واقعہ کے بعد امریکہ آنے والے مسافروں کی نگرانی اور جانچ کے اقدامات کو مزید سخت کر دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ٹرمپ نے اپنی ٹوئیٹ میں تحریر کیا کہ ’’میں نے داخلہ سکیورٹی کے حکام کو حکم دیا ہے کہ جانچ کے موجودہ پروگرام کو سخت کر دیا جائے‘‘۔گزشتہ ہفتے عالمی فضائی کمپنیوں نے امریکہ کا رخ کرنے والے مسافروں کے سکیورٹی انٹرویوز پر عمل درآمد شروع کر دیا۔ٹرمپ نے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور ’’ذہنی طور پر بیمار‘‘ شخص ہے۔ انہوں نے حملے کو دہشت گرد کارروائی قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ ’’مشرق وسطی میں داعش تنظیم کے کچلے جانے کے بعد ہم پر لازم ہے کہ اسے اپنے ملک میں واپس آنے یا داخل ہونے نہ دیں‘‘۔
فرانس میں دو سالہ ایمرجنسی کا آخری دن
پیرس ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں اس ملک گیر ہنگامی حالت کا آج چہارشنبہ کے روز آخری دن ہے، جو 13 نومبر 2015ء کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد لگائی گئی تھی۔ پیرس میں بیک وقت کئی مقامات پر کیے گئے ان حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس ایمرجنسی کی مدت میں ملکی پارلیمان نے جولائی میں چھٹی مرتبہ محدود توسیع کی تھی۔ مقررہ مدت کی تکمیل پر یہ ایمرجنسی آج یکم نومبر کے روز خود بخود ختم ہو رہی ہے۔ اس ہنگامی حالت کے برعکس اب فرانس میں وہ زیادہ سخت سکیورٹی ضوابط نافذالعمل ہو جائیں گے، جن پر صدر ایمانوئل میکرون نے پیر 30 اکتوبر کے روز دستخط کر کے انہیں قانونی شکل دے دی تھی۔