مین ہول میں گرنے پر کمسن لڑکی کی موت

مائیلاردیو پلی میں افسوسناک واقعہ، بلدیہ پر لاپرواہی کا الزام
حیدرآباد 14 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ مائیلاردیو پلی میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں مین ہول میں گرنے کے نتیجہ میں دو سالہ شیرخوار بچی فوت ہوگئی۔ اِس واقعہ کے بعد مائیلاردیو پلی میں ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی، جب مقامی عوام نے بلدی حکام کے خلاف لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ تفصیلات کے بموجب 2 سالہ کمسن ریا اپنے مکان کے سامنے کھیل رہی تھی کہ اتفاقی طور پر مائیلاردیو پلی کے علاقہ پلے چیرو کے ایک بڑے مین ہول میں گر پڑی۔ کمسن کی ماں سونو نے اپنی بچی کو مین ہول میں گرنے کے بعد مدد کے لئے چیخ و پکار کی لیکن شیرخوار مین ہول کے اندر چلی گئی۔ فوری مائیلاردیو پلی پولیس جائے حادثہ پہونچ گئی اور کمسن بچی کی نعش کو مین ہول کے باہر نکالا اور بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس مائیلاردیو پلی کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ اتفاقی طور پر کمسن بچی بڑے مین ہول میں گر پڑی۔ اُنھوں نے کہاکہ مین ہول کو ٹھیک سے ڈھانکا نہیں گیا، صرف کارڈ بورڈ کی شیٹیں اُس پر رکھی گئی تھیں۔ پولیس نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔