مین پوری میں ملائم ‘ مایاوتی ایک اسٹیج پر ہونگے

مین پوری ( یو پی ) 18 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کئی دہوں تک ایک دوسری کی سیاسی مخالفت کے بعد سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو اور بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی کل جمعہ کو مین پوری میں ہونے والی ایس پی ۔ بی ایس پی ۔ آر ایل ڈی کی مشترکہ ریلی میں ایک اسٹیج پر ہونگے ۔ سماجوادی پارٹی کے ایک لیڈر نے بتایا کہ اس ریلی کیلئے تیاریاں چل رہی ہیںاور اس کا مقصد یہی ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین کو یہ پیام دیا جائے کہ اترپردیش میں اپوزیشن کا اتحاد مستحکم ہے ۔ ملائم سنگھ یادو اور مایاوتی 1995 سے ایک دوسرے کے کٹر حریف رہے ہیں جب سماجوادی کارکنوں نے ایک گیسٹ ہاوز پر حملہ کیا تھا جس میں مایاوتی اپنے کارکنوں کے ساتھ موجود تھیں۔ ملائم سنگھ یادو مین پوری حلقہ سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ ملائم سنگھ یادو اس ریلی میں شرکت کیلئے ابتداء میں تیار نہیں تھے تاہم ان کے فرزند اکھیلیش یادو نے ریلی میں شرکت کی کامیاب ترغیب دی ہے ۔