پالیکلے ، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کوشل مینڈیس نے بہت عمدہ پہلی ٹسٹ سنچری آسٹریلیا کے خلاف جاری پہلے ٹسٹ کے تیسرے روز بنائی جس نے آج پالیکلے میں بولروں کے غلبے والے مقابلے کو دلچسپ مرحلے میں پہنچا دیا ہے۔ 21 سالہ بیٹسمن 169 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس ہوئے ، جو پہلی اننگز میں اُن کی ٹیم کے اسکور سے 52 رنز زیادہ ہیں۔ناکافی روشنی اور پھر بارش نے کھلاڑیوں کو چائے کے 10 اوورز بعد ہی پویلین لوٹنے پر مجبور کیا جبکہ سری لنکا دوسری اننگز میں 282/6 تک پہنچ گیا جو مجموعی طور پر 196 رنز کی سبقت ہے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 203 رنز بنائے تھے۔ دلروان پریرا 5 پر دیگر ناٹ آؤٹ بیٹسمن ہے جبکہ دو یوم کا کھیل باقی ہے۔ سری لنکا نے اپنے کل کے اسکور 6/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا تو ایک مرحلے پر میزبانوں کی 86/4 پر بُری حالت ہوگئی تھی جس میں کیپٹن انجیلو میتھیوز (9) بھی آؤٹ ہوگئے تھے۔ تب مینڈیس نے دو اہم پارٹنرشپس نبھائے۔ انھوں نے 117 رنز دنیش چندیمل (42) کے ساتھ اور پھر 71 رنز دھننجے ڈی سلوا (36) کے ساتھ جوڑتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کی ٹیم کیلئے فکرمندی بڑھائی۔ مینڈیس اپنی 243 گیندوں کی ماسٹرکلاس اننگز میں پیس اور اسپن دونوں طرز کی بولنگ کے خلاف 20 چوکے لگاچکے ہیں۔