ڈبلن(آئرلینڈ)۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اجنتا مینڈس نے بیٹنگ اور بولنگ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کے خلاف یہاں ڈبلن میں منعقدہ پہلے ونڈے میں سری لنکائی ٹیم کی 79 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ سری لنکا جس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 219/8 رنز اسکور کئے، اس میں اجنتا مینڈس نے ناقابل تسخیر 18 رنز اسکور کئے جبکہ نمبر 8 پر بیٹنگ کرتے ہوئے فاسٹ بولر نون کولاسیکرا نے سری لنکا کیلئے سب سے زیادہ 42 رنز اسکور کئے۔ مینڈس نے پہلے بیٹنگ بعدازاں بولنگ میں 27 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آئرلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکائی ٹیم ایک موقع پر 95/5 کی نازک صورتِ حال سے پریشان تھی۔ اس موقع پر کلنٹرف کی سست وکٹ پر لوور آرڈر نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک بہتر اسکور فراہم کیا۔
220 رنز کے تعاقب میں میزبان ٹیم 39.5 اوورس میں 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آئرلینڈ کے بیٹسمنوں کو باصلاحیت بولروں کے خلاف کافی جدوجہد کرنا پڑ رہا تھا، صرف کپتان ولیم فورٹر فیلڈ نے 87 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے۔ لیسٹر شائر سے تعلق رکھنے والے جارحانہ بیٹسمین نیل اوبرین نے 39 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 33 رنز اسکور کئے اور وہ سری لنکائی بولروں کے خلاف کسی قدر آرام دہ انداز میں بیٹنگ کررہے تھے۔ مینڈس کو مقابلہ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا کیونکہ ان کی تین وکٹوں میں کپتان ولیم اور نیل او برین کی وکٹیں بھی شامل ہیں۔ سری لنکائی ٹیم کیلئے مین آف دی میچ کا انتخاب کرنا مشکل فیصلہ تھا کیونکہ کولا سیکرا نے بھی اپنے پہلے اوور کی آخری گیند پر خطرناک تصور کئے جانے والے بیٹسمین پال اسٹرلنگ کو آؤٹ کیا۔