مینس ہاکی : ہندوستان نے فرانس کو 3-2 سے ہرایا

اینٹورپ (بیلجیم)۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی مینس ہاکی ٹیم نے آج آخری وقت سے 2 منٹ قبل گول بناتے ہوئے فرانس کو 3-2 سے شکست دی اور ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ سیمی فائنل مہم کی شروعات کامیابی کے ساتھ کی۔ رمن دیپ سنگھ نے 58 ویں منٹ میں یہ فیصلہ کن گول بنایا۔ ایشین گیمس چمپین ہندوستانی کو ابتداء میں فرانس کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دفاعی موقف اختیار کرنے پر مجبور کردیا تھا۔ اولیور سیانچیز (تیسرے منٹ) اور سمن مارٹن برمیک نے 43 ویں منٹ میں گول بناکر ٹیم کو سبقت دلانے کی کوشش کی لیکن ہندوستان نے 4 منٹ کے وقفہ سے 2 گول بنائے اور ٹیم کے اسکور کو مساوی کردیا۔ من پریت سنگھ نے 26 ویں منٹ اور دیویندر والمیکی نے 29 ویں منٹ میں یہ گول بنائے۔ ہندوستانی کی کامیابی کے باوجود ڈیفنڈر بریندرا لکرا ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ہمیں دفاعی شعبہ میں مزید محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم کیلئے بہترین شروعات ہے لیکن ہمیں مزید بہتری لانا ضروری ہے۔