میناریٹی ریزیڈنشیل اسکول انگریزی میڈیم میں داخلے

ورنگل۔/27جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عبدالحمید پرنسپل تلنگانہ میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول انگلش میڈیم کے بموجب اسکول ہذا میں داخلے جاری ہیں۔ سال حال دسویں جماعت کے نتائج شاندار رہے کئی طلبہ 9.3 پوائنٹ حاصل کئے۔ اسکول میں فرسٹ لینگویج اردو پڑھائی جاتی ہے۔ مسلم طلبہ کے ساتھ ساتھ ایس سی، اور ایس ٹی کے طلبہ بھی فرسٹ لینگویج کے طور پر اردو پڑھ رہے ہیں۔ پرنسپل عبدالحمید نے مزید بتایا کہ رمضان کے ماہ میں انتظامیہ کی جانب سے روزہ رکھنے والے طلبہ کیلئے افطار اور سحر کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اسکول احاطہ میں روزانہ پانچ وقت کی نماز اور عربی تعلیم بھی دی جارہی ہے۔ انگریزی میڈیم اسکول میں دیہات سے تعلق رکھنے والے غریب مستحق مسلم طلبہ کے ساتھ ساتھ ایس ٹی اور ایس سی طلبہ بھی داخلے لے رہے ہیں۔ یہ طلبہ اپنی مادری زبان تلگو کے باوجود اردو پڑھ رہے ہیں اور دسویں جماعت میں اعلیٰ نشانات حاصل کرتے ہوئے کامیاب بھی ہورہے ہیں۔ مسلم طلبہ کے برابر ایس سی اور ایس ٹی طلبہ کو بھی اردو زبان فرسٹ لینگویج کے طور پر پڑھ رہے ہیں۔ پرنسپل نے بتایا کہ سال حال دسویں جماعت میں تلنگانہ میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول انگریزی میڈیم کا دسویں جماعت کا نتیجہ 98فیصد رہا ہے۔ تعلیمی سال 2014ء کیلئے پانچویں، چھٹویں اور ساتویں جماعتوں میں داخلے جاری ہیں۔ ورنگل، کریم نگر، عادل آباد کے غریب و مستحق طلبہ جن کے والدین کی سالانہ آمدنی 60ہزار سے زائد نہ ہو اسکول میں داخلے کے مستحق ہیں۔ خواہشمند والدین اوقات کار دفتر تلنگانہ میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول انگریزی میڈیم، واسوی کالونی دیشائی پیٹھ روڈ پر ربط پیدا کریں۔ اس انگلش میڈیم اسکول میں حکومت کی جانب سے مفت تعلیم، قیام و طعام کا اہتمام رہتا ہے اور مفت میں درسی کتابیں دی جاتی ہیں۔ اردو زبان اول اور تلگو زبان دوم پڑھائی جاتی ہے۔ اسکول میں جملہ 196طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ پرنسپل عبدالحمید نے بتایا کہ اسکول کی ذاتی عمارت کا تعمیری کام جاری ہے، دوری پیٹ ( علی پورہ درگاہ ) اسکول کی عمارت کی تعمیر کیلئے ار وی ایم کی جانب سے 49لاکھ روپئے ، کلاس روم اور حصار بندی کیلئے15لاکھ روپئے منظور ہوچکے ہیں جبکہ میناریٹی ویلفیر ڈپارٹمنٹ 9کروڑ خرچ کررہا ہے۔ نئی عمارت میں16کلاس رومس کے ساتھ ساتھ طلبہ ہاسٹل، اسٹاف کوارٹرس، پرنسپل کوارٹرس بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ورنگل میں سال 2008 میں اسکول کا آغاز ہوا تھا۔ اس وقت 5کلاسیس میں داخلے لئے تھے جس میں 160 طلبہ نے داخلہ لیا تھا۔ اب ہائی اسکول تک تعلیم دی جارہی ہے۔